وزیر تعلیم ہر ہفتے اسکول میں کلاس لیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت

پیر 13 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں تعلیمی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر ہفتے کسی نہ کسی سرکاری اسکول میں جا کر خود ایک کلاس پڑھائیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے نجی اسکولوں اور ٹیوشن سینٹرز کی رجسٹریشن اور ڈیجیٹل نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تعلیمی شعبے میں جاری اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران مریم نواز نے نجی اسکولوں کی رجسٹریشن کے لیے موجود ڈیجیٹل نظام کا ازسرنو جائزہ لینے کی ہدایت کی اور پورے پنجاب میں ٹیوشن سینٹرز کی رجسٹریشن کے حوالے سے تجاویز طلب کر لیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو صوبے بھر کے تمام ٹیوشن سینٹرز کی ڈیجیٹل میپنگ کے لیے مؤثر طریقہ کار وضع کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ ان اداروں کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیے مفت تعلیم اور فری بائیکس سمیت پنجاب حکومت کیا ارادے رکھتی ہے؟ مریم نواز نے سب بتادیا

اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ گزشتہ 2 سال اور 4 ماہ کے دوران سرکاری اسکولوں میں 43 لاکھ طلبہ کے داخلوں کا ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا گیا ہے۔

مریم نواز نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (PEF) کے تحت خدمات انجام دینے والے اساتذہ کی تنخواہوں کی ڈیجیٹل ادائیگی کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لیے ایک لاکھ 38 ہزار اساتذہ کے بینک اکاؤنٹس کھولے جائیں گے تاکہ ادائیگی کا نظام شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔

اجلاس میں پنجاب اسکول ریفارمز پروگرام (PSRP) پر بھی بریفنگ دی گئی، جبکہ وزیراعلیٰ نے تعلیمی شعبے کے لیے جدید اور پائیدار ذرائع سے آمدن بڑھانے کے حوالے سے جامع منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے مون سون بارشوں کے آغاز کے پیش نظر صوبے کے تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور فیلڈ افسران کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیے پنجاب میں اسکول میل پروگرام کے تحت 90 ہزار بچے اسکول آئے، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات

مریم نواز نے متعلقہ اداروں کو بارش کے پانی کی فوری نکاسی یقینی بنانے، جبکہ ریسکیو 1122، واسا اور دیگر امدادی اداروں کو عملے اور مشینری سمیت ہر وقت تیار رہنے کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ برساتی نالوں اور ندی نالوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور شہری علاقوں میں بارش کا پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے شہری اور دیہی علاقوں میں تمام مین ہولز کو مکمل طور پر ڈھانپنے، زیر تعمیر عمارتوں اور منصوبوں پر مناسب حفاظتی انتظامات یقینی بنانے، خستہ حال عمارتوں کی مسلسل نگرانی کرنے اور مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی۔

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے معروف کارٹونسٹ شوکت محمود میکسم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

محسن نقوی کا لاہور ایئرپورٹ کا اچانک دورہ، امیگریشن کاؤنٹرز مکمل کھلے رکھنے کا حکم

80 برس کی عمر میں عالمی اعزاز، چینی مصورہ کائی گاؤ نے تاریخ رقم کردی

بی جے پی کی اوچھی حرکتیں: جھارکھنڈ میں احتجاج کے دوران اسٹوڈنٹ لیڈر نیہا بورا پر سیاہی پھینک دی گئی

عالمی یومِ مقامی اقوام، پاکستان کا حقوق اور روایات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ

جھارکھنڈ پیپر لیک اسکینڈل: حکومت پردہ پوشی کرتی رہی، طلبہ کا احتجاج شدت اختیار کر گیا

ویڈیو

آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے ایران اور عمان معاہدے کے قریب، تہران نے امریکی ناکہ بندی ختم کرنے کی شرط رکھ دی

اگر عام آدمی کا احتساب ہوتا ہے تو وزرا بھی قانون سے ماورا نہیں، اسلام آباد کے شہریوں کی رائے

کشمیری پاکستان کے مالک ہیں، مسلم لیگ (ن) کو دو تہائی اکثریت دلائیں گے، رانا ثنا اللہ کا ضلع باغ میں جلسہ عام سے خطاب

کالم / تجزیہ

فیض، سیالکوٹ اور کرکٹ

پرانی کتابوں کا اتوار بازار

اپنی زندگی کے ایڈیٹر بنیں، رائٹر نہیں