کراچی: کلفٹن میں بینک کے باہر ڈکیتی کے دوران فائرنگ، ڈاکٹر جاں بحق، 25 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے

پیر 13 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے علاقے کلفٹن میں تین تلوار کے قریب بینک کے باہر ڈاکوؤں اور سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ کے تبادلے میں 28 سالہ ڈاکٹر آکاش جاں بحق ہوگئے، جبکہ مسلح ملزمان 25 لاکھ روپے کی رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔

ایس ایس پی ساؤتھ منظور علی کے مطابق مقتول ڈاکٹر آکاش اپنے والد اور ایک دیگر ساتھی کے ساتھ تین تلوار کے قریب واقع ایک نجی بینک سے 50 لاکھ روپے نقد نکلوا کر بوٹ بیسن میں واقع دوسرے بینک میں جمع کروانے جا رہے تھے کہ مسلح ملزمان نے ان کی گاڑی کو گھیر لیا۔

فائرنگ کا تبادلہ اور ڈکیتی

ڈاکوؤں کی جانب سے رقم چھیننے کی کوشش پر بینک پر تعینات سیکیورٹی گارڈ نے ملزمان پر فائرنگ کردی۔ ملزمان نے جوابی فائرنگ کی، جس کی زد میں آ کر ڈاکٹر آکاش شدید زخمی ہو گئے۔

ملزمان 50 لاکھ میں سے 25 لاکھ روپے سے بھرا ایک بیگ چھین کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ باقی رقم محفوظ رہی۔

پولیس کی کارروائی

گولی لگنے سے شدید زخمی ہونے والے ڈاکٹر آکاش زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش کے سلسلے میں بینک کے سیکیورٹی گارڈ کو تحویل میں لے لیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج و فارنزک شواہد کی مدد سے ملزمان کی تلاش اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp