امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی فوج کی طاقت کی بدولت آبنائے ہرمز میں تیل کی ترسیل پہلے سے کہیں زیادہ روانی سے جاری ہے، جبکہ ایران سے آنے اور جانے والے تمام بحری جہازوں اور ایرانی کارگو لے جانے والے جہازوں پر مکمل پابندی ہوگی۔
سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں انہوں ںے امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین اور امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت اور دنیا کی طاقتور ترین امریکی فوج کی بدولت آبنائے ہرمز ایران کے علاوہ تمام بحری جہازوں کی آمدورفت کے لیے کھلی ہوئی ہے۔
انہوں نے ایران کی قیادت کو جھوٹی، پرتشدد اور بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے ملک کو مکمل تباہی کی طرف لے کر جا رہی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیاکہ ایران کی بندرگاہوں سے آنے یا جانے والے، یا ایرانی کارگو لے جانے والے تمام جہازوں پر مکمل بحری ناکہ بندی نافذ کی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ مشرق وسطیٰ کی قیادت کے ساتھ انتہائی مثبت مذاکرات کے بعد انہوں نے امریکا کے لیے مجوزہ 20 فیصد مجوزہ فیس کی جگہ خلیجی ممالک کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے معاہدوں کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق خلیجی ممالک کی جانب سے امریکا میں ہونے والی سرمایہ کاری بہت بڑے پیمانے پر ہوگی، جو نہ صرف امریکا بلکہ ان ممالک کے مستقبل کے لیے بھی غیر معمولی طور پر فائدہ مند ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ امریکا پہلے ہی تاریخ میں کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ڈالر سرمایہ کاری حاصل کر چکا ہے، تاہم نئی سرمایہ کاری سے یہ حجم مزید بڑھے گا، جس کے نتیجے میں امریکا میں تاریخی سطح پر نئی فیکٹریاں، صنعتی پلانٹس اور سازوسامان آئیں گے اور لاکھوں نئی، اعلیٰ تنخواہوں والی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
صدر ٹرمپ نے کہاکہ امریکا ایک بار پھر جیت رہا ہے، اور پہلے سے کہیں زیادہ کامیابی حاصل کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں: ایران نے معاہدہ توڑ دیا، اب سخت کارروائیاں جاری رہیں گی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
انہوں نے مزید کہاکہ ایران کے وہ دن ختم ہو چکے ہیں جب وہ لاکھوں افراد، جن میں 52 ہزار مظاہرین بھی شامل ہیں، کو قتل کرتا تھا۔ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا۔














