مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے سفارت کاری ہی واحد راستہ ،اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں امن کی بنیاد ہے، دفتر خارجہ

جمعرات 16 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے، مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل اور آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری آمدورفت کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں امن کے لیے ایک مؤثر فریم ورک ہے، جبکہ پاکستان قطر کے ساتھ 22 جون 2026 کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق تمام فریقوں پر مذاکرات کی بحالی پر زور دیتا رہے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کا مؤقف ہے کہ تمام تنازعات اور اختلافات کا پائیدار حل صرف مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں امن، باہمی احترام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت کے متنازع آبی منصوبے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی قرار، خطے میں امن کے لیے سفارتکاری جاری، ترجمان دفتر خارجہ

انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کو بعض چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم پاکستان تمام متعلقہ فریقوں کو تشدد ختم کرنے اور 22 جون 2026 کے پاک قطر مشترکہ اعلامیے اور مفاہمتی یادداشت کے مطابق تکنیکی سطح کے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔

ترجمان نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے خصوصاً ترقی پذیر ممالک شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ پاکستان عالمی توانائی کی فراہمی، تجارت، خوراک کے تحفظ اور دیگر اقتصادی شعبوں پر مرتب ہونے والے منفی اثرات سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال جلد معمول پر آئے گی اور بحری جہازوں کی محفوظ، آزاد اور بلا تعطل آمدورفت یقینی بنائی جائے گی۔

طاہر اندرابی نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے دوران پاکستان نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل سفارتی رابطے برقرار رکھے ہیں تاکہ کشیدگی میں کمی، مذاکرات کے فروغ اور تنازعات کے پرامن حل کی راہ ہموار کی جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ 13 جولائی کو وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے ہمراہ قطر کے دارالحکومت دوحہ کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد پاکستان کے دیرینہ دوست ملک قطر کے امیر اور قطری قیادت سے تعزیت اور اظہارِ ہمدردی کرنا تھا۔ پاکستانی قیادت نے اس موقع پر قطر کے ساتھ یکجہتی اور قریبی تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:ترجمان دفتر خارجہ کا اسرائیلی سفیر کے بیان پر سخت ردعمل، الزامات مسترد

ترجمان نے بتایا کہ حال ہی میں ایک دوست ملک کے وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کا سرکاری دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جن میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، اعلیٰ تعلیم، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اقتصادی روابط میں اضافے، سفارتی مکالمے کو مضبوط بنانے اور عوامی روابط کے فروغ پر اتفاق کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں پاکستان اور پرتگال کے درمیان سالانہ دوطرفہ مشاورت بھی منعقد ہوئی۔ پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری برائے یورپ سفیر عائشہ علی نے جبکہ پرتگال کے وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل برائے خارجہ پالیسی سفیر ہیلینا مالکاٹا نے کی۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ اس حوالے سے دفتر خارجہ کی جانب سے تفصیلی اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم پر بھی فعال کردار ادا کر رہا ہے اور او آئی سی کے رکن ممالک میں خواتین کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایک سوال کے جواب میں طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ہر سطح پر رابطے موجود ہیں اور پاکستان ملک میں موجود تمام چینی شہریوں اور عملے کی حفاظت کو اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے۔

انہوں نے برطانیہ میں بچوں کے جنسی استحصال کے مقدمے سے متعلق سوال پر کہا کہ پاکستان اس جرم کی سخت مذمت کرتا ہے، تاہم یہ برطانیہ کا اندرونی معاملہ ہے۔ شبیر حسین برطانوی شہری ہیں، ان کی پرورش بھی برطانیہ میں ہوئی، اس لیے حکومت پاکستان کا اس مقدمے سے کوئی تعلق نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی غیر قانونی، بھارت پانی کو سیاسی دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال نہ کرے، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنماؤں کے خلاف بھارتی قومی تحقیقاتی ادارے (این آئی اے) کی جانب سے چارج شیٹ دائر کیے جانے کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات اور جعلی ٹرائلز کے ذریعے حریت قیادت کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم کشمیری عوام کو ان کے حق خودارادیت سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پہلگام واقعے کے حوالے سے بھارت اب تک کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا، حالانکہ پاکستان نے تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی تھی، لیکن بھارت سیاسی نعرے بازی اور سنسنی پھیلانے میں مصروف ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت میں جوہری مواد کی لیکیج کی اطلاعات اگر درست ہیں تو یہ کوئی غیر معمولی بات نہیں، کیونکہ ماضی میں بھی بھارت میں ایسے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی مذاکرات میں حوصلہ افزا پیشرفت ہوئی ہے۔ پاکستان کی کوشش ہے کہ امریکی منڈی میں پاکستانی برآمدات کا حجم بڑھایا جائے اور برآمدی مصنوعات کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا عمل جاری ہے۔

افغانستان سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ افغانستان میں انسانی صورتحال بہتر بنانے کی کوششوں کی حمایت کرتا آیا ہے۔ اسی مقصد کے تحت ایک مرتبہ پھر اقوام متحدہ کی انسانی امداد کو پاکستانی سرزمین کے راستے افغانستان بھیجنے کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کچھ عرصہ قبل بھی پاکستان نے ایسی ہی اجازت دی تھی، تاہم اس وقت افغان حکام نے امدادی سامان وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت کا بیان بے بنیاد، اشتعال انگیز اور حقائق کے منافی ہے، دفتر خارجہ

پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اس وقت تک تعلقات میں حقیقی بہتری نہیں آ سکتی جب تک افغان عبوری حکومت دہشتگردی کی سرپرستی اور دہشتگرد عناصر کو پناہ دینے کا سلسلہ بند نہیں کرتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان افغانستان کی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی رکنیت کی مخالفت نہیں کرتا، تاہم اس تنظیم کا رکن بننے کے لیے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت ہونا ضروری ہے، جبکہ افغانستان کی موجودہ حکومت کو اب تک دنیا کے بیشتر ممالک نے تسلیم نہیں کیا۔

یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف کارروائیوں سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے پر مکمل عمل درآمد کے عزم پر قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں جاپانی سفیر کے حالیہ بیان پر پاکستان نے اپنے تحفظات جاپانی حکومت تک باضابطہ طور پر پہنچا دیے ہیں۔

ترجمان نے الزام عائد کیا کہ بھارت بلوچستان میں دہشتگردی کی کھل کر حمایت کرتا ہے اور جب بھی پاکستان میں دہشتگردی کا کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو بھارتی میڈیا اسے بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے۔

آزاد کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مبینہ بھارتی روابط سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اس بارے میں ان کے پاس کوئی معلومات نہیں ہیں۔

بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایسے سیکیورٹی معاملات پر ہونے والے اجلاس بند کمرے میں ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بی ایل اے کو متعدد ممالک دہشت گرد تنظیم قرار دے چکے ہیں اور پاکستان اسے مزید ممالک سے دہشتگرد قرار دلوانے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

یہ بھی پڑھیں:افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، کراچی حملے میں ملوث ہونے پر احتجاجی مراسلہ حوالے

دفتر خارجہ میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں سے متعلق سوال پر طاہر اندرابی نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی رپورٹس میں بے ضابطگیوں کا سامنے آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ دفتر خارجہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دفتر خارجہ کے کسی ملازم کو ریٹائرمنٹ کے بعد اس وقت تک واجبات ادا نہیں کیے جاتے جب تک اس کے خلاف جاری انکوائری مکمل نہ ہو جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیوبا میں تعینات سابق تھرڈ سیکرٹری کے معاملے میں بھی قومی خزانے کی رقم کی مکمل وصولی یقینی بنائی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

حکومت کا 2 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال کا دعویٰ، کراچی سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے، حقیقت کیا ہے؟

اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ کے درمیان رابطہ، خطے کی صورتحال اور پاک سعودی تعلقات پر تبادلہ خیال

جنوبی وزیرستان:سیکیورٹی فورسز نے خودکش حملہ ناکام بنا دیا، 4 فتنہ الخوارج دہشتگرد ہلاک

مون سون بارشیں جاری، چناب میں درمیانے درجے کے سیلاب اور کئی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

ویڈیو

وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال کا دعویٰ، کراچی سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے، حقیقت کیا ہے؟

آزاد کشمیر الیکشن: گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی، کس کا پلڑا بھاری؟

پہلا ٹیسٹ: برائن لارا اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری

کالم / تجزیہ

ہوا دان، منگھ، بادگیر یا بادکش

قائداعظم کے بارے میں سازشی تھیوریز نہ گھڑیں

مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کا ابھرتا ہوا کردار