ارجنٹائن کی فتح کے بعد نیا تنازع، کیا فیفا جرمانہ عائد کرے گا؟

جمعرات 16 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انگلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ سیمی فائنل میں فتح کے بعد فاک لینڈ جزائر سے متعلق سیاسی پیغام والا بینر لہرانے پر ارجنٹائن فٹبال ٹیم کو عالمی فٹبال تنظیم (فیفا) کی جانب سے جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دفاعی عالمی چیمپئن ارجنٹائن نے اٹلانٹا میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دی اور فائنل میں جگہ بنا لی جہاں اس کا مقابلہ اتوار کو اسپین سے ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: کیا فیفا 2026 ورلڈ کپ فائنل تاریخ کا سب سے بڑا میوزک شو بننے جا رہا ہے؟

میچ کے اختتام پر ارجنٹائن کے کھلاڑیوں نے جشن مناتے ہوئے ایک بینر اٹھایا، جس پر ہسپانوی زبان میں ‘Las Malvinas son Argentinas’ درج تھا، جس کا مطلب ہے ’فاک لینڈ جزائر ارجنٹائن کے ہیں‘۔

فاک لینڈ جزائر جنوبی بحرِ اوقیانوس میں واقع برطانیہ کا سمندر پار علاقہ ہیں، تاہم ان کی خودمختاری پر برطانیہ اور ارجنٹائن کے درمیان کئی دہائیوں سے تنازع چلا آ رہا ہے۔ 1982 میں دونوں ممالک کے درمیان ان جزائر پر 74 روز تک جنگ بھی لڑی گئی تھی جس میں 655 ارجنٹائنی اور 255 برطانوی فوجی ہلاک ہوئے تھے جبکہ جزائر کے تین مقامی باشندے بھی جان کی بازی ہار گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا فیفا واقعی ارجنٹینا کو فائدہ پہنچا رہا ہے؟ 4 متنازع فیصلوں نے نئی بحث چھیڑ دی

یہ پہلا موقع نہیں کہ ارجنٹائن کو اس معاملے پر فیفا کی کارروائی کا سامنا ہو۔ 2014 میں بھی سلووینیا کے خلاف ایک دوستانہ میچ سے قبل ارجنٹائن کے کھلاڑیوں نے یہی بینر آویزاں کیا تھا جس پر فیفا نے ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن پر 20 ہزار پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا تھا۔

فیفا کا مؤقف تھا کہ سیاسی نوعیت کے پیغامات اور مظاہرے اس کے ضابطہ اخلاق اور مقابلوں کے قواعد کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں۔ اسی تناظر میں ایک بار پھر ارجنٹائن کے خلاف تادیبی کارروائی اور جرمانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp