آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی ہدایت پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف خصوصی مہم کے دوران 66 ہزار سے زائد قانونی کارروائیاں کیں، جبکہ ہزاروں موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں مختلف تھانوں میں بند کر دی گئیں۔
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے گزشتہ ایک ماہ سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے، جس کے دوران 66 ہزار 89 سے زائد ٹریفک خلاف ورزیوں پر قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی، اسلام آباد پولیس کے اہلکار کو گاڑی سے اتار کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کے مطابق مہم کے دوران 6 ہزار 562 موٹر سائیکلز اور 3 ہزار 285 گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں بند کیا گیا، جبکہ سنگین نوعیت کی ٹریفک خلاف ورزیوں پر 379 مقدمات بھی درج کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ لین وائیلیشن، رانگ وے ڈرائیونگ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے، غیر نمونہ نمبر پلیٹس، غلط پارکنگ اور اوورلوڈنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی گئیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
کائنات اظہر خان نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ایجوکیشن ونگ نے ایک ماہ کے دوران 111 روڈ سیفٹی ورکشاپس اور آگاہی پروگرام منعقد کیے، جن کے ذریعے 94 ہزار سے زائد شہریوں کو ٹریفک قوانین، محفوظ ڈرائیونگ اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد پولیس کے سابق ایس پی کو سزائے موت سنا دی گئی
چیف ٹریفک آفیسر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ذمہ دار اور مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ٹریفک قوانین کی پابندی کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ اپنی اور دوسروں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف بھی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کسی بھی شخص کو شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ، منظم اور مربوط ٹریفک نظام کا قیام، حادثات میں کمی اور شہریوں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔












