الیکشن کمیشن نے تحریک لبیک پاکستان سے انتخابی نشان واپس لے لیا

پیر 20 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق محفوظ فیصلہ جاری کرتے ہوئے جماعت کو انتخابی نشان کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے 7 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق جمع کرائی گئی دستاویزات قابل قبول نہیں، لہٰذا جماعت سے اس کا انتخابی نشان ’کرین‘ واپس لیا جاتا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ٹی ایل پی الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 209 میں درج قانونی تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہی، جبکہ جماعت کے انٹرا پارٹی انتخابات بھی اس کے اپنے آئین کے مطابق منعقد نہیں کیے گئے۔

الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 215(5) کے تحت تحریک لبیک پاکستان کا انتخابی نشان واپس لینے کا حکم جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فیصلے پر فوری عمل درآمد کی ہدایت بھی کردی ہے۔

تحریری فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو انتخابی نشان کا اجرا صرف اس صورت میں ممکن ہے جب وہ انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق تمام قانونی اور آئینی تقاضے مکمل کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp