پیٹرولیم ڈیلرز کی یومیہ قیمتوں کے نظام کی حمایت، حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کا خیرمقدم

پیر 20 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) نے پیٹرولیم مصنوعات کی یومیہ قیمتوں کے نئے نظام کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومتی پالیسی کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

یہ اعلان وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات کے دوران کیا گیا، جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجوزہ اصلاحات، ڈیلرز کے مسائل اور مارکیٹ کے ضوابط سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آبنائے ہرمز بحران میں حکومتی اقدامات کو سراہا گیا

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیف ایڈوائزر ملک خدا بخش نے آبنائے ہرمز کے بحران کے دوران ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے پر حکومت کو خراج تحسین پیش کیا۔

وفد کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر سپلائی چین میں دباؤ اور پیٹرولیم قلت کے باوجود پاکستان میں ایندھن کی فراہمی مؤثر انداز میں برقرار رکھی گئی، جو حکومتی اقدامات کا مثبت نتیجہ ہے۔

یومیہ قیمتوں کا نظام شفافیت لائے گا، علی پرویز ملک

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی یومیہ قیمتوں کا نیا نظام 7 روزہ رولنگ ایوریج کی بنیاد پر مرتب کیا جائےگا۔

انہوں نے واضح کیاکہ سابقہ ہفتہ وار قیمتوں کا نظام بھی سات روزہ اوسط قیمت پر ہی مبنی تھا، تاہم یومیہ قیمتوں کے نفاذ سے مارکیٹ میں مزید شفافیت آئے گی، قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھاؤ کم ہوگا اور ذخیرہ اندوزی سمیت مارکیٹ میں بگاڑ پیدا کرنے والے رجحانات کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

ڈیلرز کو قواعد و ضوابط کی تیاری میں شامل کرنے کا مطالبہ

ملاقات کے دوران پی پی ڈی اے کے وفد نے مطالبہ کیاکہ پیٹرولیم ڈیلرز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کے درمیان قواعد و ضوابط کی تیاری کے عمل میں ڈیلرز کی نمائندگی بھی یقینی بنائی جائے۔

اس پر وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ ڈیلرز کی آرا اور تجاویز کو نئے قواعد و ضوابط کی تیاری میں شامل کیا جائے گا۔

ڈیلرز مارجن میں اضافے کا مطالبہ

پی پی ڈی اے نے پیٹرولیم ڈیلرز کا مارجن بڑھا کر 8 فیصد کرنے کا مطالبہ بھی پیش کیا، جس پر علی پرویز ملک نے مثبت غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ ڈیلرز کے مارجن اور دیگر متعلقہ امور پر پی پی ڈی اے اور اوگرا کے درمیان اجلاس آئندہ روز منعقد کیا جا رہا ہے تاکہ ان معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔

صارف دوست پیٹرولیم مارکیٹ کے قیام کا عزم

وفاقی وزیر پیٹرولیم نے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت پر پی پی ڈی اے کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت شفاف، مسابقتی اور صارف دوست پیٹرولیم مارکیٹ کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔

ملاقات میں پی پی ڈی اے کے چیف ایڈوائزر ملک خدا بخش، راجہ وسیم کیانی، چوہدری ظفر الٰہی، بابر علی چوہدری اور چوہدری فیصل عارف بھی شریک تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp