خیبر پختونخوا میں گزشتہ روز سے جاری موسلادھار بارشوں اور فلیش فلڈز کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 18 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
خیبر پختونخوا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے اور سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کے واقعات پیش آئے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں بارشوں سے سیلابی صورتحال، مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 5 مرد، 5 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 10 مرد، 4 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔
بارشوں اور فلیش فلڈز کے باعث مجموعی طور پر 18 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 15 گھروں کو جزوی جبکہ 3 گھروں کو مکمل طور پر نقصان پہنچا۔
خیبر پختونخوا میں موسلادھار بارش سے سیلابی صورت حال
نوشہرہ میں موسلادھار بارش ندی نالے بپھر گئے
Kpk Flood Situation#kpk #flood #nosehra #rain #moonsoon #rainalert pic.twitter.com/V2SGeFfm4F— Sumair jamil (@sumair_shah123) July 21, 2026
رپورٹ کے مطابق یہ واقعات پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، لوئر چترال، اپر اور لوئر دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر، کرم اور شمالی وزیرستان سمیت مختلف اضلاع میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ باہمی رابطے میں ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین سے اہم سہولت واپس لے لی
متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرین کو فوری امدادی سامان اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں، جبکہ امدادی کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔
دوسری جانب نوشہرہ میں جہانگیرہ اسٹاپ کے قریب گاڑیوں کے پارکنگ ایریا میں سیلابی ریلہ داخل ہوگیا، جس کے باعث 14 گاڑیاں پھنس گئیں۔
خیبر پختونخوا میں موسلادھار بارش سے سیلابی صورت حال
نوشہرہ میں موسلادھار بارش ندی نالے بپھر گئے
Kpk Flood Situation#kpk #flood #nosehra #rain #moonsoon pic.twitter.com/KwBeWkuDcR— Sumair jamil (@sumair_shah123) July 21, 2026
ریسکیو 1122 نوشہرہ کی ڈیزاسٹر ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام گاڑیوں کو بحفاظت سیلابی پانی سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔
ادھر پشاور میں مسلسل بارش کے باعث متعدد اہم شاہراہیں زیرِ آب آگئیں، یونیورسٹی روڈ، جی ٹی روڈ، چارسدہ روڈ، کوہاٹ روڈ اور دیگر علاقوں میں سڑکوں پر بارش اور نالوں کا پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی۔
مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں غیرت کے نام پر پولیس اہلکار اور عورت کا بہیمانہ قتل
جبکہ کئی علاقوں میں پانی مارکیٹوں اور دکانوں میں داخل ہوگیا، جس سے تاجروں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے تمام بڑے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اور بہاؤ فی الحال معمول کے مطابق ہے، تاہم بارشوں کا سلسلہ 25 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

ادارے نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس اور سیلابی خطرات والے سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی اداروں کی جانب سے جاری کردہ الرٹس اور ایڈوائزریز پر عمل کریں۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا ٹورازم اتھارٹی نے بھی سیاحوں کو سفر سے پہلے موسمی صورتحال کا جائزہ لینے اور ضروری سامان ساتھ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا اسمبلی ایک دہائی بعد بھی مکمل پیپر لیس کیوں نہ بن سکی؟
اتھارٹی کے مطابق چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، دیر لوئر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، کوہستان اپر، کوہستان لوئر، کولائی پالس، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی، خیبر، مہمند، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، کرم، ہنگو، اورکزئی، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں شدید بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے باعث اچانک سیلاب، ندی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور سفری مشکلات کا خدشہ ہے۔
اتھارٹی نے عوام، سیاحوں اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، موسمی صورتحال پر نظر رکھیں، متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں خیبر پختونخوا ٹورازم ہیلپ لائن 1422 پر فوری رابطہ کریں۔












