خیبر پختونخوا میں تیز بارشوں کے باعث مختلف اضلاع میں برساتی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے، جس کے نتیجے میں کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
ضلع خیبر میں سیلابی ریلے میں مسافر گاڑی بہہ جانے کے باعث 3 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں ایک مسافر گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں 19 سے 23 جولائی تک شدید بارشوں کا الرٹ، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ کا خدشہ
ترجمان کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور اب تک 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہے، جبکہ لاشیں جمرود کے علاقے جبہ خوڑ قدم سے نکالی گئی ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق ایک بچے کی لاش پڑانگ سنگ کے مقام پر مقامی افراد کے تعاون سے برآمد کی گئی، جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مزید پڑھیں: بالائی خیبر پختونخوا میں گلاف الرٹ جاری، شدید بارشوں اور فلیش فلڈ کا خدشہ
ادھر پشاور سمیت صوبے کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ مردان میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پی ڈی ایم اے نے بالائی علاقوں میں سیلاب کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق محکمہ موسمیات نے 25 جولائی تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
ادارے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں غیرت کے نام پر پولیس اہلکار اور عورت کا بہیمانہ قتل
دوسری جانب ریسکیو 1122 حکام نے موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لیا اور تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کو بالخصوص حساس اضلاع میں مکمل طور پر ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
مون سون بارشوں کے پیش نظر پہلے سے منظور شدہ جامع منصوبوں کے مطابق امدادی خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی جی ریسکیو کے مطابق تمام اضلاع میں ریسکیو اہلکار، ایمرجنسی گاڑیاں، واٹر ریسکیو بوٹس، خصوصی آلات اور مشینری کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
سیلاب سے متاثرہ اور حساس اضلاع میں قائم عارضی واٹر ریسکیو پوائنٹس پر بھی ریسکیو اہلکار اور خصوصی واٹر ریسکیو آلات تعینات کر دیے گئے ہیں۔













