وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی گلوبل کی جانب سے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ بی نیگیٹو سے بڑھا کر بی کیے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ملکی معیشت کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ یہ کامیابی حکومت کی مؤثر معاشی پالیسیوں، مالیاتی نظم و ضبط، اصلاحاتی اقدامات اور قومی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے مسلسل کی جانے والی کوششوں پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔
مزید پڑھیں: ایس اینڈ پی گلوبل نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ بہتر کر دی
انہوں نے کہاکہ عالمی ادارے کی جانب سے پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کے معیشت کو استحکام دینے، ٹیکس نظام کو بہتر بنانے، مالی خسارے میں کمی لانے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات درست سمت میں گامزن ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ حکومت نے مشکل مگر ضروری معاشی فیصلے کیے، جن کے مثبت نتائج اب عالمی سطح پر بھی تسلیم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور پاکستان کی معاشی ترقی کی رفتار میں مزید تیزی آئے گی۔
مزید پڑھیں: معاشی اشاریے مثبت، پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہونے کا امکان، گورنر اسٹیٹ بینک
وزیراعظم نے اس کامیابی پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، اقتصادی ٹیم اور متعلقہ اداروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کی خدمات کی پذیرائی کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ حکومت معاشی اصلاحات کے سفر کو پوری سنجیدگی اور عزم کے ساتھ جاری رکھے گی تاکہ پاکستان کو پائیدار، مستحکم اور مضبوط اقتصادی بنیادیں فراہم کی جا سکیں۔














