اسحاق ڈار اور پینی وونگ کی ملاقات، خطے میں امن کے لیے سفارتکاری پر زور

جمعرات 23 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آسٹریلین ہم منصب سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اعلیٰ سطحی روابط بڑھانے اور خطے میں حالیہ کشیدگی کے تناظر میں مکالمے، سفارت کاری اور بین الاقوامی قانون کے احترام کو پائیدار امن و استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں جاری آسیان ریجنل فورم کے موقع پر آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وونگ سے ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار کی آسٹریلوی ہم منصب سے گفتگو، اسلام آباد مذاکرات پر تبادلہ خیال

دفتر خارجہ کے مطابق مذکورہ ملاقات میں پاکستان اور آسٹریلیا کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس مقصد کے لیے اعلیٰ سطحی روابط اور باقاعدہ سفارتی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی گفتگو ہوئی۔ آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وونگ نے خطے میں مکالمے کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔

مزید پڑھیں: آسٹریلیا کی ایران امریکا جنگ بندی برقرار رکھنے اور مذاکرات جاری رکھنے کی اپیل

دونوں رہنماؤں نے خطے میں حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار امن، استحکام اور سلامتی کے قیام کے لیے مکالمہ، سفارت کاری اور بین الاقوامی قانون کا احترام ناگزیر ہے۔

یہ ملاقات منیلا میں جاری آسیان ریجنل فورم کے موقع پر ہوئی، جہاں مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ علاقائی اور عالمی امور پر مشاورت کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp