امریکی سفارتخانے نے لوک ورثہ میوزیم اور پاکستان مانیومنٹ میوزیم میں ’لیٹ فریڈم رنگ‘ کے عنوان سے لبرٹی بیل نمائش کا افتتاح کر دیا، جو امریکا کے اعلانِ آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کی عالمی تقریبات کا حصہ ہے۔
افتتاحی تقریب میں پاکستان میں امریکی سفارتخانے کے ناظم الامور اینڈی ہیلس اور وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کچھی نے شرکت کی۔
اس موقع پر امریکی سفارتخانے اور پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے مقامی فنکاروں کے درمیان ثقافتی اشتراک کو اجاگر کیا گیا، جس کے تحت امریکی سفارتخانے نے اپنے لنکن کارنرز نیٹ ورک کے ذریعے 16 پاکستانی مصوروں کے تعاون سے لبرٹی بیل کے علامتی فن پارے تیار کرائے۔
یہ بھی پڑھیے پاکستان اور امریکا کے مابین تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں، امریکی سفیر
ہر فنکار کو یہ تخلیقی سوال دیا گیا کہ ’آپ کے نزدیک آزادی کا کیا مطلب ہے؟ فنکاروں ‘نے اپنے منفرد اسلوب میں اس سوال کا اظہار کیا، جس کے نتیجے میں 16 رنگا رنگ علامتی گھنٹیاں تخلیق ہوئیں، جو امریکی آزادی کی کہانی کو پاکستانی ثقافتی رنگوں میں پیش کرتی ہیں۔
یہ نمائش 23 سے 27 جولائی تک اسلام آباد کے لوک ورثہ میوزیم اور پاکستان مانیومنٹ میوزیم میں جاری رہے گی۔ عوام کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ ان 5 دنوں کے دوران دونوں مقامات کا دورہ کر کے ان منفرد فن پاروں کا مشاہدہ کریں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفارتخانے کے ناظم الامور اینڈی ہیلس نے کہا کہ لبرٹی بیل کے یہ علامتی نمونے اس حقیقت کی یاد دہانی کراتے ہیں کہ پاکستان اور امریکا اظہارِ رائے کی آزادی، فن کی طاقت اور بہتر دنیا کی مشترکہ اقدار سے جڑے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے امریکا کی پاکستان میں توانائی، معدنیات اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی
انہوں نے کہا کہ لوک ورثہ کئی دہائیوں سے پاکستان کے ثقافتی ورثے اور تخلیقی روایت کو فروغ دے رہا ہے، اور امریکا کے لیے باعثِ فخر ہے کہ وہ اپنی آزادی کی داستان کو بھی اس تاریخی مقام کا حصہ بنا رہا ہے۔
وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کچھی نے نمائش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرگرمی پاکستان اور امریکا کے دوستانہ تعلقات کی عکاس ہے۔ ان کے مطابق فن اور ثقافتی تبادلے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے اور باہمی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق ’لیٹ فریڈم رنگ‘ مہم پاکستان میں امریکی سفارتی مشن کی جانب سے ’فریڈم 250‘ کے سلسلے میں سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا حصہ ہے، جس کا مقصد امریکا کے اعلانِ آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کا جشن منانا اور آزادی، جدت اور جمہوری اقدار کو اجاگر کرنا ہے۔














