پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز اور آئندہ انگلینڈ کے دورے کے لیے قومی مردوں کی ٹیسٹ ٹیم میں 2 اہم تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق بائیں ہاتھ کے اوپننگ بلے باز عبداللہ فضل پہلے ٹیسٹ سے قبل تربیتی سیشن کے دوران کمر کے نچلے حصے میں انجری کا شکار ہو گئے، جس کے باعث وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف باقی ٹیسٹ سیریز اور انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 3 سال بعد بیرون ملک ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کرکٹ ٹیم کے امتحان کا 25 جولائی سے آغاز
عبداللہ فضل کو ٹرینیڈاڈ کے شہر تاروبا میں واقع برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں ہونے والے تربیتی سیشن کے دوران انجری ہوئی۔
بعد ازاں ان کا ایم آر آئی اسکین کرایا گیا، جس کے بعد طبی ماہرین نے انہیں فوری طور پر بحالی کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کی اور دونوں سیریز کے لیے انہیں ان فٹ قرار دیا۔
🚨 TWO CHANGES IN TEST SQUAD 🚨
Saud Shakeel has been added to Pakistan's squad for the ongoing Test series against the West Indies and the upcoming Test tour of England as an additional batter, while Abdullah Shafique has been named as the replacement for the injured Abdullah… pic.twitter.com/LC3cN3B0MU
— CricFollow (@CricFollow56) July 26, 2026
پی سی بی نے ان کی جگہ دائیں ہاتھ کے بلے باز عبداللہ شفیق کو اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے، جبکہ بیٹنگ لائن کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل کو بھی ٹیم کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
پاکستانی ٹیم اس وقت ویسٹ انڈیز کے دورے پر موجود ہے، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستانی کرکٹ کو بڑا جھٹکا، آل راؤنڈر محمد نواز پر آئی سی سی نے 3 ماہ کی پابندی لگادی
کیریبین سیریز کے اختتام کے بعد قومی ٹیم 19 اگست سے شروع ہونے والی 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے انگلینڈ کا رخ کرے گی، جو 13 ستمبر تک جاری رہے گی۔
ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دوروں کے دوران کھیلے جانے والے تمام 5 ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 27-2025 کا حصہ ہوں گے۔
پاکستان کا ٹیسٹ اسکواڈ
بابر اعظم (کپتان)، عامر جمال، عبداللہ شفیق، علی عثمان، اذان اویس، امام الحق، خرم شہزاد، محمد عباس، محمد علی، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد اویس ظفر، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شان مسعود اور عبید شاہ۔













