جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچ گئی۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان سپورٹس بورڈ اور بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) ڈویژن کے حکام نے مہمان ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا۔
جنوبی کوریا کا وفد 24 کھلاڑیوں اور آفیشلز پر مشتمل ہے، جو اپنے دورۂ پاکستان کے دوران قومی ہاکی ٹیم کے خلاف 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں حصہ لے گا۔
دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے صدر محی الدین احمد وانی کی منظوری کے بعد پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز 2026 کے باضابطہ شیڈول اور تکنیکی آفیشلز کے پینل کا اعلان کر دیا ہے۔

پی ایچ ایف کے مطابق 4 میچوں پر مشتمل سیریز 30 جولائی سے 7 اگست 2026 تک نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم، اسلام آباد میں کھیلی جائے گی۔
مزید پڑھیں: ہاکی ورلڈ کپ کی تیاری، پاکستان ٹیم کے انتخاب کے لیے نیا معیار مقرر
شیڈول کے مطابق پہلا ٹیسٹ 30 جولائی، دوسرا یکم اگست، تیسرا 4 اگست اور چوتھا و آخری ٹیسٹ 7 اگست کو کھیلا جائے گا۔ تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بج کر 15 منٹ پر شروع ہوں گے۔
فیڈریشن نے سیریز کے لیے تکنیکی آفیشلز کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ فیض محمد ایمپائر منیجر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے، جبکہ ایمپائرز کے پینل میں ہارون رشید، یاسر خورشید، فہد علی خان، اسد عباس اور ساجد رضا شامل ہیں۔
جنوبی کوریا کی ہاکی ٹیم پاکستان پہنچ گئی
اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر پاکستان سپورٹس بورڈ اور بین الصوبائی رابطہ کا عہدیداران کا مہمان ٹیم کا پر تپاک استقبال pic.twitter.com/XekfPi87ZI
— PTV News (@PTVNewsOfficial) July 27, 2026
محمد شفیق بھٹی کو ٹیکنیکل ڈیلیگیٹ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ٹیکنیکل آفیشلز اور ججز میں حمزہ طفیل، ایم وقاص احمد، عدنان شہزاد، محبوب جاوید اور مرزا جاوید شامل ہیں۔
پی ایچ ایف نے میڈیا امور کے لیے وقاص شیخ کو میڈیا کوآرڈینیٹر، نجیب خٹک کو چیف کوآرڈینیٹر اور حبیب الرحمٰن کو اسسٹنٹ ٹو چیف کوآرڈینیٹر مقرر کیا ہے۔
یہ سیریز ایشیائی سطح پر دونوں ٹیموں کی تیاریوں کے حوالے سے اہم تصور کی جا رہی ہے اور اس سے پاکستان ہاکی ٹیم کو بین الاقوامی مقابلوں سے قبل اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کا موقع ملے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم 15 سے 30 اگست تک ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ میں روانگی سے قبل کوریا کے ساتھ 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔
عالمی درجہ بندی میں پاکستان 12ویں اور کوریا 20ویں نمبر پر ہے۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے ہاکی ورلڈکپ 2026 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ میگا ایونٹ میں پاکستان ٹیم 8 سال بعد شرکت کر رہی ہے۔
شیڈول کے مطابق ہاکی کا عالمی کپ 15 سے 30 اگست تک نیدرلینڈز میں منعقد ہوگا۔ جس میں پاکستان اور بھارت سمیت ہاکی کی بہترین ٹیموں کے درمیان ایک ٹرافی کے لیے 15 روز تک میدانوں میں جنگ جاری رہے گی۔

گرین شرٹس ٹورنامنٹ میں اپنے سفر کا آغاز ہفتہ 15 اگست کو انگلینڈ کے خلاف میچ سے کریں گے۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے شروع ہوگا۔
مزید پڑھیں: جب پاکستان ہاکی نے ارجنٹائن کو عالمی فٹبال کپ جتوایا
قومی ٹیم اپنا دوسرا میچ پیر 17 اگست کو ویلز کے خلاف کھیلے گی یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے 3 بجے شروع ہوگا۔
روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا میچ بدھ 19 اگست کو کھیلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہوگا۔














