وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے۔ وزارت توانائی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اطلاق 31 جولائی 2026 سے ہوگا، جس سے ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں کے اخراجات میں اضافے کا امکان ہے۔
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ
وزارت توانائی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 9 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 336 روپے 15 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 42 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل 393 روپے 4 پیسے فی لیٹر دستیاب ہوگا۔
نئی قیمتوں کا اطلاق
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں 31 جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوں گی اور ملک بھر میں تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پمپوں پر اسی نرخ کے مطابق فروخت کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت کا 2 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ، مال برداری اور پیداواری لاگت میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس کے اثرات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور مجموعی مہنگائی پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت پہلے بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں، درآمدی لاگت، روپے کی قدر اور ٹیکسوں کی بنیاد پر ہر 15 روز بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لے کر نئی قیمتوں کا اعلان کیا کرتی تھی۔
تاہم امریکا ایران جنگ کے بعد عالمی مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں کے باعث حکومت نے پالیسی تبدیل کرتے ہوئے اب روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرنا شروع کیا ہے، جمعرات کو ہونے والا اضافہ بھی اسی پالیسی کے تحت کیا گیا ہے۔














