جاپان سے منسوب ایک وائرل ویڈیو میں ایک بڑے آکٹوپس کو سمندر کے کم گہرے پانی میں ایک شخص کی پشت سے چمٹے ہوئے دیکھا گیا، جہاں متاثرہ شخص آکٹوپس کو خود سے الگ کرنے کی بھرپور کوشش کرتا رہا۔
ویڈیو نے سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کو جنم دیا، جبکہ واقعے کے مقام اور متاثرہ شخص کی حالت سے متعلق تاحال باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
آکٹوپس کی مضبوط گرفت، شخص کی جدوجہد جاری رہی
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں ایک نامعلوم شخص سمندر کے کم گہرے پانی میں موجود ہے، جہاں ایک بڑا آکٹوپس اس کی پشت سے مضبوطی سے چمٹا ہوا دکھائی دیتا ہے۔
I’m officially never swimming ever again pic.twitter.com/CclCE8wXJI
— Mario Nawfal (@MarioNawfal) August 1, 2026
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شخص آکٹوپس کے طاقتور سکشن کپ خود سے الگ کرنے کی مسلسل کوشش کرتا ہے، تاہم آکٹوپس کی گرفت انتہائی مضبوط ہونے کے باعث اسے خاصی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مدد کے بجائے ویڈیو بنانے پر سوالات
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد سوشل میڈیا صارفین نے اس بات پر حیرت اور تشویش کا اظہار کیا کہ موقع پر موجود افراد میں سے کوئی بھی متاثرہ شخص کی مدد کرتا نظر نہیں آیا۔
بعض صارفین نے اس رویے کو ’کنٹنٹ فرسٹ ‘کلچر سے جوڑا، جہاں کسی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کرنے کے بجائے ویڈیو ریکارڈ کرنے کو ترجیح دی جاتی ہے۔
معروف کانٹینٹ کریئیٹر کا تبصرہ بھی وائرل
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک معروف کانٹینٹ کریئیٹر نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اب میں کبھی سمندر میں تیرنے نہیں جاؤں گا۔‘
اس تبصرے کے بعد ویڈیو مزید تیزی سے وائرل ہوئی اور ہزاروں صارفین نے خوف، حیرت اور دلچسپ تبصروں کے ذریعے اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔
واقعے کی جگہ اور زخمی ہونے کی تصدیق نہیں
اگرچہ بعض سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ یہ واقعہ جاپان کے شہر ‘کوچی’ میں پیش آیا، تاہم اس دعوے کی باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی۔ اسی طرح یہ بھی واضح نہیں کہ آکٹوپس کی گرفت میں آنے والا شخص کسی قسم کی چوٹ یا زخم کا شکار ہوا یا نہیں۔
آکٹوپس اپنی غیر معمولی ذہانت، طاقتور سکشن کپ اور مضبوط گرفت کے باعث معروف سمندری جانداروں میں شمار ہوتا ہے۔
عام طور پر یہ انسانوں پر حملہ نہیں کرتا، تاہم اگر خود کو خطرہ محسوس کرے یا اچانک انسان سے ٹکرا جائے تو دفاعی ردعمل کے طور پر اپنے بازوؤں سے مضبوطی سے چمٹ سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایسی صورتحال میں گھبراہٹ کے بجائے احتیاط اور مناسب طریقے سے آکٹوپس کو الگ کرنے کی کوشش کرنا زیادہ محفوظ سمجھا جاتا ہے۔
اس وائرل ویڈیو نے ایک بار پھر سمندری حیات کے قریب احتیاط برتنے اور ہنگامی صورتحال میں متاثرہ افراد کی فوری مدد کی اہمیت کو اجاگر کر دیا ہے۔














