آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے ووٹرز کی بڑی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے مظفرآباد ڈویژن میں پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کی توسیع کر دی ہے، جس کے بعد پولنگ اب شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اس سے قبل مظفرآباد ڈویژن میں پولنگ کا وقت شام 5 بجے تک مقرر کیا گیا تھا، تاہم ووٹرز کی زیادہ تعداد کے پیش نظر پولنگ کے دورانیے میں ایک گھنٹے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
اس فیصلے کے بعد مظفرآباد ڈویژن کے ووٹرز اب شام 6 بجے تک اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ آج مظفرآباد کے 8 حلقوں جبکہ مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 حلقوں میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات ہورہے ہیں۔
مظفرآباد ڈویژن کے 9 حلقوں میں انتخابات ہونے تھے، تاہم الیکشن کمیشن نے ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر حلقہ ایک مظفرآباد میں الیکشن ملتوی کردیے۔
اس کے علاوہ حلقہ 2 لچھراٹ کے کچھ پولنگ اسٹیشنز پر بھی پولنگ ملتوی ہوگئی ہے، ان دونوں حلقوں میں اب 4 اگست کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔












