محکمہ موسمیات نے آج (پیر) ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار سے انتہائی موسلادھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات اور 3 اگست کے دوران شیخوپورہ، قصور، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ، بہاولنگر، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، خطہ پوٹھوہار، پشاور اور نوشہرہ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
مزید پڑھیں:ملک بھر میں شدید بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات کا سیلابی انتباہ
اسی دوران بالائی خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، کوہستان، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، شانگلہ، ایبٹ آباد، مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، خیبرپختونخوا اور ڈیرہ غازی خان کے برساتی نالوں میں اچانک طغیانی آنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، شیخوپورہ، قصور، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، راجن پور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش اور گرج چمک کی توقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔
🌊😱 Flash Flood Disaster in Pakistan! Terrifying Moments Caught on Camera 🇵🇰🚨 pic.twitter.com/eweuinSG2f
— Disaster Zone (@Disaster_X_) July 31, 2026
خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، پشاور، مردان، صوابی، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، وزیرستان اور دیگر اضلاع میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ آزاد کشمیر میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش جبکہ گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور حبس زدہ رہنے کا امکان ہے، تاہم بلوچستان کے ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، ڈیرہ بگٹی اور گردونواح میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں سب سے زیادہ بارش ٹنڈو جام میں 147 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ چھور میں 140، مٹھی میں 119، میرپورخاص میں 90 اور بدین میں 74 ملی میٹر بارش ہوئی۔ خیبرپختونخوا کے دیر میں 61 ملی میٹر، آزاد کشمیر کے گڑھی دوپٹہ میں 60 ملی میٹر جبکہ پنجاب کے گوجرانوالہ میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور نشیبی و پہاڑی علاقوں میں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔














