انفلوئنزا اور کووڈ-19 سے بچاؤ پر ویڈیو، عالمی ادارہ صحت نے مقابلے کا اعلان کردیا

پیر 3 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے طلبا و طالبات اور نوجوان پیشہ ور افراد کے لیے انفلوئنزا اور کووڈ-19 سے بچاؤ اور ان کے کنٹرول سے متعلق ایک عالمی ویڈیو مقابلے کا اعلان کیا ہے۔ مقابلے کا مقصد نوجوانوں کو تخلیقی انداز میں صحت عامہ کا مؤثر پیغام عام کرنے، غلط فہمیوں اور افواہوں کا تدارک کرنے اور معاشرے میں احتیاطی تدابیر اپنانے کے شعور کو فروغ دینے کی ترغیب دینا ہے۔

اس سال مقابلے کا موضوع ’آپ اپنے اردگرد کے لوگوں کو انفلوئنزا اور کووڈ-19 جیسی سانس کی متعدی بیماریوں سے کیسے محفوظ رکھتے ہیں؟‘ رکھا گیا ہے۔

کون حصہ لے سکتا ہے؟

مقابلے میں دنیا بھر کے 18 سے 35 سال تک کی عمر کے طلبا و طالبات اور نوجوان پیشہ ور افراد حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔

ویڈیو میں کن موضوعات پر بات کی جا سکتی ہے؟

شرکاء کو کم از کم درج ذیل میں سے ایک موضوع پر مبنی ویڈیو تیار کرنا ہوگی۔

موسمی انفلوئنزا اور کووڈ-19 سے کن افراد کو زیادہ تحفظ کی ضرورت ہوتی ہے، حساس اور خطرے سے دوچار طبقات خود کو کیسے محفوظ رکھ سکتے ہیں اور یہ کیوں ضروری ہے؟

اگر کسی شخص کو انفلوئنزا یا کووڈ-19 سے بچاؤ کے اقدامات پر شکوک و شبہات ہوں تو اسے کس طرح قائل کیا جا سکتا ہے؟

مقامی سطح پر انفلوئنزا اور کووڈ-19 سے متعلق کون سی غلط فہمیاں یا افواہیں پھیل رہی ہیں اور ان کا مؤثر جواب کیسے دیا جا سکتا ہے؟

مقابلے کے قواعد و ضوابط

ہر ویڈیو میں کم از کم ایک مقررہ موضوع کا احاطہ کرنا ضروری ہوگا۔

طلبا و طالبات انفرادی طور پر یا ٹیم کی صورت میں حصہ لے سکتے ہیں۔

ویڈیو کا دورانیہ 90 سیکنڈ سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔

ہر شریک زیادہ سے زیادہ 3 ویڈیوز جمع کرا سکتا ہے۔

ویڈیوز میں تخلیقی انداز اپنانے کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے، جن میں کہانی، انٹرویو، ریِل، اینیمیشن، خاکہ سازی، نظم، مکالمہ یا کوئی اور منفرد انداز شامل ہو سکتا ہے۔

اگر ویڈیو کے کسی حصے کی تیاری میں مصنوعی ذہانت (AI) استعمال کی گئی ہو تو اس کا واضح ذکر جمع کرائے جانے والے فارم میں کرنا ہوگا۔

ویڈیو کسی بھی زبان میں تیار کی جا سکتی ہے، تاہم انگریزی سب ٹائٹلز شامل کرنا لازمی ہوگا۔

جانچ کا معیار

ڈبلیو ایچ او کے مطابق ویڈیوز کا جائزہ درج ذیل نکات کی بنیاد پر لیا جائے گا۔

ویڈیو کا مقابلے کے موضوع سے مطابقت رکھنا اور کم از کم ایک سوال کا جواب دینا۔

تخلیقی انداز اور انفرادیت۔

صحت سے متعلق معلومات کی درستگی اور وضاحت۔

بصری معیار اور مؤثر اندازِ بیان۔

انگریزی سب ٹائٹلز کی موجودگی۔

جمع کرائے جانے والے فارم میں ویڈیو کی تیاری کا مقصد، منتخب موضوع، ممکنہ سماجی اثر، کمیونٹی میں اس کی تشہیر کی صلاحیت اور تمام شرکاء کی رضامندی سے متعلق معلومات کی فراہمی۔

اس کے علاوہ یہ تصدیق بھی ضروری ہوگی کہ ویڈیو میں نظر آنے والے تمام افراد کی عمر 18 سال سے زیادہ ہے اور انہوں نے اپنی ویڈیو کے استعمال کی اجازت دی ہے، جبکہ ویڈیو جمع کرانے والے افراد کی عمر بھی 18 سے 35 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔

مقابلے کا شیڈول

مقابلے کے لیے اندراج اور ویڈیوز جمع کرانے کا سلسلہ 3 اگست 2026 سے شروع ہوگا، جبکہ تمام ویڈیوز 13 ستمبر 2026 کو وسطی یورپی وقت (CEST) کے مطابق رات 11 بج کر 45 منٹ تک مائیکروسافٹ فارمز کے ذریعے جمع کرانا ہوں گی۔

کامیاب نوجوانوں کو کیا ملے گا؟

ڈبلیو ایچ او کے ماہرین موصول ہونے والی ویڈیوز کا جائزہ لیں گے۔ کامیاب امیدواروں کا اعلان اکتوبر 2026 میں کیا جائے گا۔

مقابلے میں ایک عالمی فاتح کا انتخاب کیا جائے گا، جبکہ زیادہ سے زیادہ 6 ویڈیوز کو رنر اپ کے طور پر نمایاں کیا جائے گا۔ کامیاب ویڈیوز کو ڈبلیو ایچ او کی ویب سائٹ پر شائع کیا جائے گا۔

کامیاب ویڈیو تیار کرنے والے طالب علم یا ٹیم کو اکتوبر 2026 میں انفلوئنزا اور کووڈ-19 سے بچاؤ پر منعقد ہونے والے عالمی ویبینار میں اپنی ویڈیو پیش کرنے کی دعوت دی جائے گی، جبکہ انہیں ڈبلیو ایچ او کی جانب سے ان کے نام اور ویڈیو کے عنوان کے ساتھ باضابطہ تعریفی سند بھی فراہم کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp