نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ قائم کیا جائے، وزیراعظم کی ہدایت

پیر 3 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ قائم کیا جائے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار معاشی ترقی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس پیر کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں امریکی سرمایہ کاری کا نیا باب، مریم نواز سے 30 رکنی کاروباری وفد کی اہم ملاقات

اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں سرمایہ کاری اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کے فروغ کے لیے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام سے متعلق ایکشن پلان جلد از جلد پیش کیا جائے۔

وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ ملک میں پبلک ایکویٹی مارکیٹ اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے فروغ کے لیے ایک جامع روڈ میپ تیار کرکے جلد پیش کیا جائے، تاکہ ملک میں سرمایہ کاری کے لیے فنڈز کی دستیابی ممکن ہو اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ بھی ہموار کی جا سکے۔

نجی سرمایہ کاری معاشی ترقی کے لیے ناگزیر قرار

اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ ایکویٹی فنڈز معیشت میں سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری سرگرمیوں کے پھیلاؤ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معدنیات، زراعت، لائیو اسٹاک، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور دیگر شعبوں میں پاکستان کی معاشی ترقی کے اہم محرک بننے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

متبادل سرمایہ کاری ذرائع کے فروغ پر زور

وزیراعظم نے کہاکہ پبلک ایکویٹی مارکیٹ ان شعبوں میں سرمایہ کاری کا ایک اہم ذریعہ بن سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بینکاری شعبے سے سرمایہ کاری کا حجم اب بھی محدود ہے، جس کے باعث متبادل سرمایہ کاری ذرائع کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ حکومت ایسے اقدامات کو ترجیح دے رہی ہے جن کے ذریعے نجی شعبے کی قیادت میں سرمایہ کاری، صنعت اور برآمدات کے فروغ کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو مضبوط اور پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے معدنی ذخائر، بلاک چین سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا امکان

اجلاس میں اہم شخصیات کی شرکت

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp