امریکا کے نئے ویزا قوانین: کن ممالک کو 20 ہزار ڈالر جمع کرانے ہوں گے، پاکستان کا کیا بنا؟

منگل 4 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا نے وزیٹر ویزا کے لیے مالی ضمانت (ویزا بانڈ) سے متعلق نیا مستقل پروگرام نافذ کر دیا ہے تاہم پاکستان اس پروگرام سے مستثنیٰ ممالک میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی ویزا اب مزید مہنگا اور سخت؟ 20 ہزار ڈالرتک بانڈ کی شرط نافذ

اس استثنیٰ کا مطل ہے کہ پاکستانی شہریوں کو امریکی وزیٹر ویزا حاصل کرنے کے لیے 10 ہزار سے 20 ہزار ڈالر تک کی قابل واپسی مالی ضمانت جمع کرانے کی نئی شرط کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے یکم اگست سے نافذ ہونے والے پروگرام کے تحت 50 ممالک کے شہریوں پر نئی شرط عائد کی گئی ہے، تاہم امریکی فیڈرل رجسٹر میں جاری فہرست میں پاکستان کا نام شامل نہیں ہے۔

جنوبی ایشیا میں اس پروگرام کا اطلاق بنگلہ دیش اور نیپال پر ہوگا جبکہ پاکستان اور بھارت اس فہرست میں شامل نہیں ہیں۔ اسی طرح افغانستان اور ایران کو بھی اس پروگرام میں شامل نہیں کیا گیا کیونکہ امریکا کے ان دونوں ممالک کے ساتھ معمول کے سفارتی تعلقات موجود نہیں ہیں۔

ویزا بانڈ پروگرام کیا ہے؟

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ پروگرام ابتدائی طور پر سنہ 2025 میں آزمائشی بنیادوں پر شروع کیا گیا تھا۔ اس دوران یہ دیکھا گیا کہ جن ممالک پر ویزا بانڈ کی شرط لاگو کی گئی وہاں سے امریکا جانے والے افراد کی جانب سے ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد غیرقانونی قیام (اوور اسٹے) کے واقعات میں نمایاں کمی آئی۔

مزید پڑھیے: نئی امریکی ویزا پالیسی پاکستانی طلبہ کے لیے مشکلات کا سبب بن سکتی ہے

محکمہ خارجہ کے مطابق سنہ 2024 میں ان 50 ممالک کے شہریوں کی جانب سے 45 ہزار 488 اوور اسٹے کے واقعات ریکارڈ ہوئے تھے جبکہ آزمائشی پروگرام کے پہلے 10 ماہ کے دوران یہ تعداد کم ہو کر 50 سے بھی کم رہ گئی۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ مثبت نتائج کے باعث اس پروگرام کو اب مستقل بنیادوں پر نافذ کر دیا گیا ہے۔

کن ویزوں پر اطلاق ہوگا؟

یہ شرط بی-1 (کاروباری) اور بی-2 (سیاحتی) ویزوں کے لیے درخواست دینے والے افراد پر لاگو ہوگی تاہم متعلقہ ممالک کے تمام درخواست گزاروں پر یہ شرط خودکار طور پر نافذ نہیں ہوگی۔

امریکی قونصلر افسر ہر درخواست کا الگ الگ جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کریں گے کہ آیا کسی درخواست گزار سے مالی ضمانت لی جائے یا نہیں۔

کتنی رقم جمع کرانی ہوگی؟

نئے قواعد کے مطابق امریکی قونصلر افسر ضرورت محسوس ہونے پر درخواست گزار سے 10 ہزار سے 20 ہزار امریکی ڈالر تک کی قابل واپسی ضمانتی رقم جمع کرا سکتے ہیں۔

اس سے قبل آزمائشی پروگرام میں ضمانتی رقم 5 ہزار سے 15 ہزار ڈالر کے درمیان تھی تاہم نئے مستقل پروگرام میں کم از کم رقم 5 ہزار ڈالر ختم کرکے کم از کم حد 10 ہزار ڈالر اور زیادہ سے زیادہ حد 20 ہزار ڈالر مقرر کر دی گئی ہے۔

ضمانتی رقم کب واپس ملے گی؟

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اگر ویزا ہولڈر تمام شرائط کی پابندی کرے اور مقررہ مدت ختم ہونے سے پہلے امریکا سے واپس چلا جائے تو جمع کرائی گئی پوری رقم واپس کر دی جائے گی۔

مزید پڑھیں: امریکی ویزا منسوخی میں 150 فیصد اضافہ، ٹرمپ انتظامیہ کا ریکارڈ دعویٰ

البتہ اگر کوئی شخص ویزا کی مدت سے زیادہ امریکا میں قیام کرے یا ویزا کی دیگر شرائط کی خلاف ورزی کرے تو اس کی جمع کرائی گئی ضمانتی رقم ضبط کی جا سکتی ہے۔

پاکستان فہرست میں شامل نہیں

سفارتی ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ پاکستان ان 50 ممالک میں شامل نہیں جن پر امریکی ویزا بانڈ پروگرام کا اطلاق کیا گیا ہے لہٰذا پاکستانی شہریوں کے لیے فی الحال امریکی وزیٹر ویزا کے حصول کے موجودہ قواعد میں اس حوالے سے کوئی نئی پابندی نافذ نہیں ہوئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp