آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے سلسلے میں مظفرآباد کے حلقہ ایل اے 27 اور ایل اے 28 میں پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل بھی اختتام پذیر ہوگیا، جس کے غیر سرکاری و سرکاری نتائج کے مطابق ایل اے 27 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نورین عارف جبکہ ایل اے 28 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے بازل نقوی کامیاب قرار پائے ہیں۔
مظفرآباد ڈویژن میں دوسرے مرحلے کے انتخابات 2 اگست کو منعقد ہوئے تھے، تاہم راستوں کی بندش کے باعث بعض علاقوں میں پولنگ میٹریل اور انتخابی عملہ بروقت نہ پہنچ سکا تھا، جس کے باعث ایل اے 27 میں پولنگ ملتوی کردی گئی تھی، جبکہ ایل اے 28 کے چند پولنگ اسٹیشنز پر بھی ووٹنگ مؤخر کر دی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق دونوں حلقوں میں 4 اگست کو صبح 8 بجے پولنگ کا آغاز ہوا اور شام 5 بجے تک ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
پولنگ کے اختتام کے بعد ووٹوں کی گنتی کی گئی، جس کے نتیجے میں ایل اے 27 سے مسلم لیگ (ن) کی نورین عارف اور ایل اے 28 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے بازل نقوی کامیاب قرار پائے۔
دونوں حلقوں میں پولنگ کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار پولنگ اسٹیشنز پر تعینات رہے تاکہ انتخابی عمل پرامن ماحول میں مکمل ہو سکے۔
واضح رہے کہ ان نتائج کے بعد آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پہلے دو مراحل کے انتخابات مکمل ہو گئے ہیں، جبکہ عام انتخابات کا تیسرا اور آخری مرحلہ 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں ہوگا، جس کے لیے الیکشن کمیشن کی تیاریاں جاری ہیں۔
ان 2 نشستوں کے نتائج کے بعد مسلم لیگ ن کی مجموعی طور پر 24 نشستیں ہوگئی ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی 10 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔














