عائشہ ظفر اور مومنہ ریاست کی شاندار کارکردگی، پاکستان ویمنز نے سری لنکا کے خلاف تیسرا ٹی 20 جیت لیا

منگل 4 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے 3 میچوں کی ٹی 20 سیریز کے آخری مقابلے میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر دورے کا اختتام فتح کے ساتھ کیا۔ اگرچہ پاکستان سیریز پہلے ہی ہار چکا تھا تاہم آخری میچ میں کامیابی نے ٹیم کو حوصلہ افزا اختتام فراہم کیا۔

یہ بھی پڑھیں: فاطمہ ثنا نے تاریخ رقم کر دی، ویمنز دی ہنڈرڈ کھیلنے والی پہلی پاکستانی کرکٹر بن گئیں

رنگیری دمبولا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 114 رنز کا ہدف پاکستان نے 18.2 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پاکستان کی فتح میں تجربہ کار بیٹر عائشہ ظفر نے کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے 31 گیندوں پر 39 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے شامل تھے۔

شوال ذوالفقار نے بھی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 12 گیندوں پر 21 رنز بنائے جن میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

سری لنکا کی جانب سے کپتان چماری اتھاپتھو اور کاویشا دِلہاری نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بنائے۔ کپتان چماری اتھاپتھو 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ سنجنا کاوندی نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔

مزید پڑھیے: گل فیروزہ، سدرہ امین اور نشرہ سندھو کی شاندار کارکردگی، پاکستان نے سری لنکا کیخلاف پہلا ون ڈے جیت لیا

پاکستان کی جانب سے 23 سالہ مومنہ ریاست نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 18 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور سری لنکن بیٹنگ لائن کو بڑا اسکور بنانے سے روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔

میچ میں بہترین آل راؤنڈ کارکردگی پر عائشہ ظفر کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ سیریز میں مسلسل عمدہ کھیل پیش کرنے پر سری لنکا کی امیشا دولانی نے پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز اپنے نام کیا۔

مزید پڑھیں: ویمنز ٹی20 رینکنگ: سعدیہ اقبال اور نشرہ سندھو ٹاپ 10 بولرز میں شامل

پاکستان ویمنز ٹیم نے اس دورے کے دوران مجموعی طور پر 6 میچز کھیلے جن میں اسے 2 فتوحات حاصل ہوئیں جبکہ ٹی 20 سیریز کا اختتام میزبان سری لنکا کی برتری کے ساتھ ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp