فیلڈ مارشل عاصم منیر کا این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ، مون سون سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ

منگل 4 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ہیڈکوارٹرز میں قائم نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا، جہاں انہیں جاری مون سون سیزن کے دوران پاکستان کی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں اور مربوط ردعمل کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کی آپریشنل صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی رسپانس میکانزم سے آگاہ کیا۔

انہیں ’ڈیزاسٹر لینس 2026‘ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، جس کے ذریعے ملک میں مون سون کی موجودہ صورتحال اور مختلف قدرتی خطرات کی نگرانی کے نظام کا جائزہ پیش کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان میں قومی سطح پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی استعداد بڑھانے کے لیے این ڈی ایم اے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے تیاری، اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور بروقت ردعمل کی اہمیت پر زور دیا تاکہ انسانی جانوں اور اہم قومی انفراسٹرکچر کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ پاکستان کی مسلح افواج امدادی سرگرمیوں، ریسکیو آپریشنز اور بحالی کے اقدامات میں سول انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کی معاونت کے لیے ہر وقت مکمل طور پر تیار ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp