‘اسپائیڈر مین’ کی نمائش کے دوران بدبو نے ہال خالی کرا دیا، تماشائی فلم چھوڑ کر باہر نکل آئے

بدھ 5 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کولمبیا میں ‘اسپائیڈر مین: برینڈ نیو ڈے’ کی نمائش اس وقت غیر متوقع طور پر روکنا پڑ گئی جب سنیما ہال میں اچانک ایسی شدید بدبو پھیل گئی کہ تماشائی فلم ادھوری چھوڑ کر باہر نکلنے پر مجبور ہوگئے۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جبکہ بدبو کی اصل وجہ تاحال معمہ بنی ہوئی ہے۔

کولمبیا کے شہر کارتاخینا میں واقع پلازا بوکاگرانڈے شاپنگ مال کے سنیما ’سینے کولمبیا‘ میں فلم اسپائیڈر مین: برینڈ نیو ڈے کی اسکریننگ کے دوران اچانک پھیلنے والی شدید بدبو کے باعث ہال کو خالی کرا لیا گیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تماشائی، جن میں اسپائیڈر مین کے لباس میں ملبوس ایک مداح بھی شامل تھا، سنیما ہال سے نکل کر لابی میں جمع ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق بدبو کی نوعیت ایسی تھی جسے عام طور پر ریاح (گیس) سے تشبیہ دی جاتی ہے، تاہم اس کی اصل وجہ کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ بعض افراد کا خیال ہے کہ کسی تماشائی کی طبیعت خراب ہونے کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی، جبکہ کچھ نے امکان ظاہر کیا کہ کسی نے شرارتاً “اسٹنک بم” استعمال کیا، جو انتہائی ناگوار بو پھیلانے والا مذاقی آلہ ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹام ہالینڈ کی نئی اسپائیڈر مین فلم نے باکس آفس پر دھوم مچا دی

واقعے کے بعد سنیما انتظامیہ اور مقامی حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم اس غیر معمولی واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp