صبا حمید ایک ہی سال میں فرحان طاہر کی والدہ اور اہلیہ کیسے بن گئیں؟ اداکاراؤں نے کاسٹنگ پر سوال اٹھا دیا

بدھ 5 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینیئر اداکارہ صبا حمید کی ایک ہی سال میں نشر ہونے والے 2 مختلف ڈراموں میں اداکار فرحان طاہر کی اہلیہ اور والدہ کا کردار ادا کرنے پر شوبز شخصیات نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کاسٹنگ پر سوالات اٹھا دیے۔

صبا حمید ان دنوں نجی ٹی وی کے ڈرامے ‘بس تیرا ساتھ ہو’ میں فرحان طاہر کی اہلیہ کا کردار نبھا رہی ہیں، جبکہ اسی چینل پر نشر ہونے والے نئے ڈرامہ ‘درِ نجات’ میں وہ فرحان طاہر کی والدہ کے روپ میں نظر آرہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ڈرامے نیٹ فلکس کا مقابلہ کرسکتے ہیں، فیصل قریشی

اس غیرمعمولی کاسٹنگ پر سوشل میڈیا پر بھی بحث چھڑ گئی۔ ایک ویڈیو میں مواد تخلیق کرنے والے کے خان نے سوال کیا کہ آخر کس بنیاد پر صبا حمید کو ایک ایسے کردار کے لیے منتخب کیا گیا جہاں وہ اسی اداکار کی والدہ بن گئی ہیں، جس کی وہ دوسرے ڈرامے میں اہلیہ کا کردار ادا کررہی ہیں۔

اداکارہ سجلے سرحدی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی معاشرے میں عمر صرف خواتین کی بڑھتی ہے، مرد تو ہمیشہ نوجوان ہی سمجھے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق یہی سوچ ڈراما انڈسٹری میں بھی نظر آتی ہے، جہاں خواتین کے لیے عمر کے مطابق بہتر اور حقیقت سے قریب کردار نہیں لکھے جاتے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ڈرامے اے آئی سے لکھے جا رہے ہیں، سید محمد احمد کا چونکا دینے والا انکشاف

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اس سوچ میں تبدیلی آرہی ہے، لیکن یہاں اب بھی خواتین کو غیر مناسب کردار دیے جارہے ہیں۔ سجلے سرحدی نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو شاید وہ جلد ہی کسی ڈرامے میں ہمایوں سعید کی والدہ کا کردار ادا کرتی نظر آئیں۔

اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے بھی اس کاسٹنگ کو عجیب قرار دیا۔ اپنے ڈراما تجزیاتی پروگرام میں انہوں نے کہا کہ ڈرامے کی تمام کاسٹ بہترین ہے، لیکن یہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ صبا حمید کو فرحان طاہر کی والدہ کے کردار میں کیسے لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صبا حمید کو عمر رسیدہ دکھانے کی کوشش بھی غیر فطری محسوس ہوتی ہے کیونکہ وہ دادی یا نانی کی عمر کی نظر نہیں آتیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’ہر قسط کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں‘، بھارتی اداکار جونی لیور کس پاکستانی ڈرامے کے مداح نکلے؟

دوسری جانب میزبان جگن کاظم نے صبا حمید کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی اداکار کے ساتھ 2 مختلف رشتوں کے کردار ادا کرنا صبا حمید کی غیرمعمولی اداکاری کا ثبوت ہے۔ ان کے بقول صبا حمید ہر کردار میں اس قدر ڈھل جاتی ہیں کہ ناظرین اداکارہ کو نہیں بلکہ کردار کو دیکھتے ہیں، اور پاکستان خوش قسمت ہے کہ اس کے پاس ایسے باصلاحیت فنکار موجود ہیں۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری میں عمر کی بنیاد پر کرداروں کی تقسیم کا مسئلہ ایک عرصے سے زیر بحث ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ 40 برس سے زائد عمر کے مرد اداکار اب بھی مرکزی کرداروں میں نوجوان ہیرو کے طور پر نظر آتے ہیں، جبکہ اسی عمر کی اداکاراؤں کو اکثر ماؤں یا بڑی عمر کی خواتین کے کردار تک محدود کردیا جاتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp