حکومت کا جماعت اسلامی سے رابطہ، پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر احتجاج کے بعد احسن اقبال کی لیاقت بلوچ کو بریفنگ کی پیشکش

ہفتہ 8 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیٹرولیم مصنوعات پر بڑھتی ہوئی لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے ملک گیر احتجاجی دھرنوں اور سڑکوں کی بندش کے بعد وفاقی حکومت متحرک ہو گئی ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے جماعت اسلامی کے احتجاج کے تناظر میں درپیش ملکی حالات اور معاشی صورتحال پر بریفنگ کی پیشکش کی۔

اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے اپنے موقف کو ڈٹ کر پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر ناجائز منافع خوری اور ‘بھتہ خوری’ کا سلسلہ فوری بند کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام پہلے ہی شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں پیٹرولیم لیوی میں اضافہ نامنظور ہے۔ لیاقت بلوچ نے امید ظاہر کی کہ جماعت اسلامی کا یہ ملک گیر احتجاج رنگ لائے گا اور عوام کو مہنگائی و پیٹرولیم قیمتوں سے ریلیف حاصل ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے لاہور : مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج، حکومتی پالیسیوں کی واپسی کا مطالبہ

واضح رہے کہ گزشتہ روز جماعت اسلامی کی کال پر پیٹرولیم لیوی میں اضافے اور بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف ملک بھر میں شدید احتجاج کیا گیا۔ جماعت اسلامی کے کارکنوں نے ملک کے مختلف شہروں میں 510 مقامات پر راستے اور اہم شاہراہیں بند کر کے دھرنے دیے، جس کی وجہ سے ملک بھر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا تھا اور حکومت پر عوامی دباؤ میں شدید اضافہ ہوا ہے۔

اسی تناظر میں وفاقی حکومت نے معاملے کو فہم و فراست سے حل کرنے اور مذاکرات کے لیے جماعت اسلامی کی قیادت سے رابطوں کا آغاز کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے بڑھتی ہوئی پیٹرولیم لیوی کے خلاف، جماعت اسلامی کا ملک بھر کے 510مقامات پر آج دھرنا دینے کا اعلان

علاوہ ازیں، جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان سے تعزیت بھی کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp