شکیب الحسن کو شیخ حسینہ کے ساتھ ٹی وی پروگرام میں شرکت مہنگی پڑگئی، بنگلہ دیشی حکومت کا بڑا فیصلہ

ہفتہ 8 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش حکومت نے سابق اسٹار کرکٹر شکیب الحسن کی قومی کرکٹ ٹیم میں دوبارہ واپسی کے امکانات کو مسترد کردیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شکیب الحسن نے نئی دہلی میں معزول اور مفرور سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے ساتھ منعقدہ ایک میڈیا پروگرام میں بذریعہ ٹیلی فون شرکت کی تھی، جس کے بعد بنگلہ دیشی حکومت نے ان کی قومی ٹیم میں واپسی کے معاملے پر اپنا مؤقف واضح کردیا۔

مزید پڑھیں: سابق بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن کی رہائش گاہ پر پیٹرول بموں سے حملہ، سبب کیا بنا؟

بنگلہ دیش کے وزیر نوجوانان و کھیل امین الحق نے کہاکہ حکومت اب تک شکیب الحسن کے معاملے میں نسبتاً نرم اور لچکدار رویہ اختیار کیے ہوئے تھی، تاہم موجودہ صورتحال کے بعد اب مزید گنجائش باقی نہیں رہی۔

امین الحق کے مطابق جو شخص ایک آمر کے ساتھ ایک ہی اسٹیج پر کھڑا ہوچکا ہو، اس کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی کا اب کوئی امکان نہیں۔

سیکیورٹی ملنے پر وطن واپسی کی پیشکش

دوسری جانب شکیب الحسن پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ اگر انہیں سیکیورٹی کی ضمانت فراہم کردی جائے تو وہ مقدمات کا سامنا کرنے کے لیے بنگلہ دیش واپس آنے کے لیے تیار ہیں۔

39 سالہ شکیب الحسن سابق حکمران جماعت عوامی لیگ کے رکن پارلیمنٹ بھی رہ چکے ہیں، جس کی قیادت شیخ حسینہ کرتی تھیں۔

سری لنکا میں موجود، قتل کی تحقیقات جاری

شکیب الحسن اس وقت سری لنکا میں موجود ہیں اور ان افراد میں شامل ہیں جن کے خلاف شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے سے قبل طلبہ کے احتجاج کے دوران پولیس کی جانب سے مبینہ مہلک کریک ڈاؤن سے متعلق قتل کی تحقیقات جاری ہیں۔

مزید پڑھیں: سیاسی اور قانونی غیر یقینی کے باوجود شکیب الحسن کے لیے قومی ٹیم کے دروازے دوبارہ کھل گئے

شیخ حسینہ کو طلبہ کی قیادت میں ہونے والے شدید احتجاج کے بعد اقتدار چھوڑ کر ملک سے فرار ہونا پڑا تھا۔ ان کے ملک سے جانے کے بعد ان کی سیاسی جماعت اور سابق حکومتی عہدیداروں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp