جاپان کی حکومت نے پاکستان میں انسانی وسائل کی ترقی کے لیے 350 ملین جاپانی ین، یعنی 35 کروڑ ین کی گرانٹ فراہم کردی ہے۔ یہ مالی معاونت مالی سال 2026 کے لیے جاپان ڈویلپمنٹ اسکالرشپ (JDS) پروگرام پر عمل درآمد کے لیے فراہم کی گئی ہے۔
اس سلسلے میں اسلام آباد میں ایک باضابطہ تقریب منعقد ہوئی، جہاں پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی اور وزارتِ اقتصادی امور کے سیکریٹری محمد حمیر کریم کڈوائی نے گرانٹ سے متعلق دستاویزات پر دستخط کیے اور ان کا تبادلہ کیا۔
اس کے علاوہ مالی سال 2026 کے منصوبے پر عمل درآمد کی تفصیلات سے متعلق گرانٹ معاہدے پر جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے پاکستان دفتر کے چیف نمائندے شنوزاکی یوسوکے اور وزارتِ اقتصادی امور کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری میران محی الدین سومرو نے دستخط کیے۔
پاکستانی سرکاری افسران کے لیے ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے مواقع
جاپان ڈویلپمنٹ اسکالرشپ پروگرام کا آغاز 2018 میں کیا گیا تھا، جس کا مقصد حکومتِ پاکستان کی انتظامی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
اس پروگرام کے تحت باصلاحیت پاکستانی سرکاری افسران کو جاپان کی ممتاز جامعات میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کرنے کا موقع دیا جاتا ہے۔ ان افسران کا انتخاب بالخصوص ایسے شعبوں سے کیا جاتا ہے جہاں وہ پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی سے متعلق پالیسیوں کی تشکیل اور ان پر عمل درآمد میں کردار ادا کر رہے ہوں۔
JDS پروگرام کا ایک اہم مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینا اور پاکستان اور جاپان کے دیرینہ دوستانہ و تعاون پر مبنی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا بھی ہے۔ پروگرام کے ذریعے ایسے مستقبل کے رہنماؤں کی تیاری پر توجہ دی جاتی ہے جو دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کرسکیں۔
100 سے زائد پاکستانی افسران جاپان جاچکے
جائیکا کے مطابق JDS پروگرام کے تحت اب تک 100 سے زائد پاکستانی سرکاری افسران کو جاپان بھیجا جاچکا ہے، جبکہ 80 سے زائد اسکالرز اپنی تعلیم کامیابی سے مکمل کرکے پاکستان واپس آچکے ہیں۔
جاپانی سفارتخانے کے مطابق تعلیم مکمل کرنے والے ان افسران نے جاپان میں حاصل ہونے والے علم اور مہارتوں کو پاکستان کی ترقی کے لیے بروئے کار لانا شروع کردیا ہے۔
’انسانوں پر سرمایہ کاری سب سے پائیدار سرمایہ کاری ‘
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی نے کہا کہ JDS پروگرام کی بنیاد اس تصور پر ہے کہ لوگوں پر سرمایہ کاری کسی بھی ملک کی جانب سے کی جانے والی سب سے پائیدار سرمایہ کاری ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب کسی نوجوان سرکاری افسر کو جاپان کی کسی ممتاز یونیورسٹی سے ماسٹرز یا ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے میں معاونت فراہم کی جاتی ہے تو مقصد صرف اسے ایک تعلیمی ڈگری دلانا نہیں ہوتا، بلکہ ایک ایسے مستقبل کے رہنما کی تشکیل میں مدد کرنا ہوتا ہے جو نئی معلومات، نئے نقطۂ نظر اور جاپان، اس کے عوام، ثقافت اور اقدار کی بہتر سمجھ کے ساتھ پاکستان واپس آئے۔
جاپانی سفیر کے مطابق ایسے انسانی روابط، جو ایک ایک اسکالر کے ذریعے قائم ہوتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی کو برقرار رکھنے اور مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور JDS پروگرام ان تعلقات میں جاپان کی جانب سے کی جانے والی سب سے ذاتی اور دیرپا سرمایہ کاری کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
پاکستان کی ادارہ جاتی صلاحیت بہتر بنانے میں معاونت
جائیکا پاکستان دفتر کے چیف نمائندے شنوزاکی یوسوکے نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اس منصوبے کے ذریعے جائیکا کا تعاون حکومتِ پاکستان کی ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافے اور ملک کی پائیدار ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ JDS پروگرام کے تیسرے مرحلے کا مقصد پاکستانی سرکاری افسران کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا اور پاکستان و جاپان کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید گہرا کرنا ہے۔
شنوزاکی یوسوکے کے مطابق یہ اقدام بالواسطہ طور پر جائیکا کی پاکستان سے متعلق معاونتی پالیسی کی ترجیحات میں شامل ایک اہم مقصد، یعنی متوازن اور مستحکم علاقائی ترقی، کے حصول میں بھی معاونت فراہم کرے گا، کیونکہ اس کے ذریعے انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔
جاپانی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی یہ گرانٹ پاکستان میں سرکاری شعبے کے باصلاحیت افسران کی پیشہ ورانہ اور انتظامی صلاحیتیں بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی، انسانی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔












