پاکستان ویمن نیٹ بال ٹیم نے ایشین ویمن نیٹ بال چیمپیئن شپ کے پلیٹ ڈویژن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو 32-72 سے شکست دے دی۔
یہ پاکستان کی 3 میچوں میں دوسری کامیابی ہے۔ قومی ٹیم نے آغاز ہی سے میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور بہترین ٹیم ورک، نظم و ضبط اور مضبوط دفاع کے ذریعے جنوبی کوریا کو دباؤ میں رکھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین یوتھ چیمپیئن شپ میں پہلی پوزیشن لینے کا دعویٰ کیوں کیا؟ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن سے وضاحت طلب
پاکستان نے جارحانہ حکمت عملی کے ساتھ برتری حاصل کی اور آخر تک اسے برقرار رکھتے ہوئے 49 پوائنٹس کے واضح فرق سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے لیا رضا شاہ، فراح، نورالعین اور سمایا نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
قومی کھلاڑیوں نے بہترین تال میل اور اعتماد کا مظاہرہ کیا، جبکہ مضبوط دفاعی حکمت عملی کے باعث جنوبی کوریا کی ٹیم مسلسل دباؤ میں رہی۔
اس شاندار فتح سے پاکستان ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوگا جو اب ٹورنامنٹ کے آئندہ مقابلوں میں بھی بہتر کارکردگی کے لیے پرعزم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے مالدیپ کو شکست دیکر ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپیئن شپ جیت لی
پاکستان نے اس سے قبل اپنے پہلے میچ میں جاپان کو شکست دی تھی۔ قومی ٹیم کا اگلا مقابلہ بدھ کو چائنیز تائپے کے خلاف ہوگا۔ یہ میچ جیتنے کی صورت میں پاکستان پلیٹ ڈویژن کے فائنل میں جگہ بناسکتا ہے۔
5 ٹیموں پر مشتمل پلیٹ ڈویژن کی فاتح ٹیم آئندہ سال کے ایشین نیٹ بال چیمپیئن شپ کے کپ ڈویژن میں ترقی حاصل کرے گی، جبکہ اس ایونٹ کے کپ ڈویژن میں چھٹے نمبر پر رہنے والی ٹیم پلیٹ ڈویژن میں چلی جائے گی۔














