وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کا اسلام آباد میں مذاکراتی اجلاس ہوا، جس میں گڈز ٹرانسپورٹرز کے مسائل اور ان کے حل کے لیے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز کے ساتھ 2 روزہ بات چیت کے بعد طے پانے والے فیصلوں کو حتمی شکل دے دی گئی۔ اجلاس میں موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں گڈز ٹرانسپورٹرز کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے مختلف تجاویز اور اقدامات پر غور کیا گیا۔
مزید پڑھیں: گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال دوسرے روز بھی جاری، حکومت سے کل مذاکرات کا امکان
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہاکہ موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں گڈز ٹرانسپورٹرز کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی ہے۔
کسٹم حکام اور ٹرانسپورٹرز کی مشترکہ مانیٹرنگ کمیٹی قائم
وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایت پر کسٹم حکام اور گڈز ٹرانسپورٹرز کی مشترکہ مانیٹرنگ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کا مقصد ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے مؤثر نگرانی کرنا ہے۔
اجلاس میں کسٹم حکام سے ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایت پر ایف بی آر کے سینئر حکام نے بھی گڈز ٹرانسپورٹرز کی اہم تجاویز پر مشاورت مکمل کی۔
ویٹ اسٹیشنز سے متعلق شکایات جلد دور کرنے کی یقین دہانی
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے گڈز ٹرانسپورٹرز کو ’ویٹ اسٹیشنز‘ کے حوالے سے شکایات جلد دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہاکہ تمام موٹرویز پر اسٹیٹ آف دی آرٹ اور کم سے کم ہیومن ریسورس والے ویٹ اسٹیشن بنائے جائیں گے۔
ٹرانسپورٹرز کی جانب سے ایکسل لوڈ کے مسئلے کو یونیفارم پالیسی کے تحت بنیاد سے ہی کنٹرول کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
میری ٹائم افیئرز اور پورٹ حکام کی بریفنگ
وفاقی وزیر میری ٹائم افیئرز جنید انوار نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اور گڈز ٹرانسپورٹرز کو اہم امور پر یقین دہانی کرائی۔
پورٹ اینڈ شپنگ اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے حکام نے بھی اجلاس میں گڈز ٹرانسپورٹرز کو اہم امور پر بریفنگ دی۔
گڈز ٹرانسپورٹرز کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے بھی وزارت کے سینئر حکام کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی۔
اجلاس میں اعلیٰ حکام اور ٹرانسپورٹرز کے نمائندگان کی شرکت
اجلاس میں وفاقی سیکریٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے، آئی جی موٹرویز پولیس اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی اور مختلف امور پر مشاورت کی۔
گڈز ٹرانسپورٹرز کے وفد میں ملک شہزاد اعوان، ناصر جعفری، اویس چوہدری، قمر الزمان، بختاور خان، شبر ملک اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔
مزید پڑھیں: گڈز ٹرانسپورٹرز کے بعد آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے بھی پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کردیا
گڈز ٹرانسپورٹرز کے وفد نے اسلام آباد میں مہمان نوازی پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا اظہار تشکر کیا۔
ٹرانسپورٹرز نے تمام امور احسن انداز میں نمٹانے پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔














