وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا انمول سرمایہ اور روشن مستقبل کے معمار ہیں، ان کی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار خوشحال، پُرامن اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس سال نوجوانوں کا عالمی دن ’مختلف حالات، مشترکہ امنگیں‘ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ دنیا بھر میں نوجوان مختلف حالات میں زندگی گزار رہے ہیں، تاہم روشن مستقبل کے خواب، امنگیں اور خواہشات یکساں ہیں۔
مزید پڑھیں:دشمن کے کہنے پر پہاڑوں پر جانے والے نوجوانوں کو یہ راستہ ترک کرنا ہوگا، وزیر داخلہ بلوچستان
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں قومی اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔ حکومت نوجوانوں کی ذہنی، جسمانی، فکری اور علمی نشوونما کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کو ترجیح دے رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید اور معیاری تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ مہارتوں، روزگار، کاروبار و صنعت کاری، ڈیجیٹل جدت اور سماجی شمولیت کے ذریعے بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم کے مطابق وزیراعظم یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام باصلاحیت اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے لیے کام کر رہا ہے، جبکہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کو عالمی معیار کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے ترجیحی بنیادوں پر مزید فعال کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ دیانت داری، ذمہ داری اور خدمتِ وطن کے جذبے کے ساتھ محنت جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی ہی قوم کی پائیدار ترقی اور تابناک مستقبل کی ضمانت ہے۔
نوجوان پاکستان کا سب سے بڑا انسانی سرمایہ ہیں، صدر مملکت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی نوجوانوں کے عالمی دن پر پاکستانی نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور عزم پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 67 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے، اس لیے نوجوان ملک کا سب سے بڑا انسانی سرمایہ ہیں۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانا دراصل پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ معیاری تعلیم، باعزت روزگار اور جدت نوجوانوں کی مشترکہ خواہشات ہیں، جبکہ نوجوان خواتین کی صلاحیتوں اور قیادت کا فروغ ملکی سماجی و معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
مزید پڑھیں:بھارت میں طلبہ احتجاج پھیل گیا، جھاڑکھنڈ میں بھی ہزاروں نوجوان سڑکوں پر آگئے
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔ نوجوان دیانت داری، ہمدردی اور برداشت کی اقدار اپنائیں اور قومی ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔
صدر مملکت نے کہا کہ مضبوط، جامع اور خوشحال پاکستان کی تعمیر نوجوانوں کی بھرپور شرکت سے ہی ممکن ہے۔














