گوگل نے یورپ کے 5 بڑے فٹبال کلبوں آرسنل، بارسلونا، بائرن میونخ، لیورپول اور پیرس سینٹ جرمین کے ساتھ پکسل 11 اور جیمنی سے متعلق طویل مدتی شراکت داری قائم کرلی۔
معاہدوں کے تحت گوگل کو پانچوں کلبوں کا باضابطہ صارف مصنوعی ذہانت اور اسمارٹ فون شراکت دار قرار دیا گیا ہے، جبکہ جیمنی اور نئی پکسل 11 سیریز کو مردوں اور خواتین کی ٹیموں کی میچ کوریج میں نمایاں طور پر استعمال کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل نے پکسل 11 سیریز متعارف کرا دی، ڈیزائن اور خصوصیات میں بڑی تبدیلیاں
گوگل کے مطابق ان شراکت داریوں کے تحت ’شاٹ آن پکسل‘ مواد کو پانچوں کلبوں تک وسعت دی جائے گی۔ جیمنی کو میچ کے دوران حکمت عملی سے متعلق معاون کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکے گا، جو فارمیشن میں تبدیلیوں کا تجزیہ کرنے اور کھلاڑیوں کے باہمی اعدادوشمار سے متعلق سوالات کے جوابات دینے میں مدد کرے گا۔
پکسل 11 کی لانچ یورپ کی بڑی مقامی فٹبال لیگز کے آغاز کے ساتھ ہوئی ہے۔ انگلش پریمیئر لیگ میں دفاعی چیمپئن آرسنل کا مقابلہ کووینٹری سٹی سے ہوگا، جبکہ لیورپول اگلے اتوار نیو کاسل کے خلاف میدان میں اترے گا۔
اسپین میں لالیگا کی فاتح بارسلونا کا مقابلہ ایلچے سے ہوگا، جبکہ چیمپئنز لیگ کی فاتح پیرس سینٹ جرمین رین کے خلاف کھیلے گی۔ بائرن میونخ 28 اگست سے شروع ہونے والی بنڈس لیگا میں ایکشن میں آئے گا۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل نے نئے ایئر بڈز ’پکسل بڈز 2 اے‘ متعارف کروا دیے، خصوصیات کیا ہیں؟
کلبوں کے میڈیا شعبوں کی جانب سے پکسل 11 کے جدید کیمرے کو خاص طور پر گول کے بعد کھلاڑیوں کے جشن سمیت میچ کے منفرد لمحات کی عکس بندی کے لیے استعمال کیے جانے کا امکان ہے۔
پکسل 11 میں میجک کیپچر خصوصیت ویڈیو ریکارڈنگ کے دوران اعلیٰ معیار کی ایچ ڈی آر پلس تصاویر خودکار طور پر محفوظ کرتی ہے۔
ٹینسر جی 6 چپ کے باعث عام پکسل 11 میں بھی 4 کے پورٹریٹ ویڈیو کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جبکہ پرو ماڈلز میں پرو اسٹیبل ویڈیو اور 8 کے ویڈیو بوسٹ شامل ہیں، جن کا مقصد زیادہ مستحکم اور تفصیلی ویڈیوز بنانا ہے۔
پکسل 11 پرو اور پرو ایکس ایل میں 120 گنا پرو زوم دیا گیا ہے، جس میں 5 گنا مقامی اور 10 گنا آپٹیکل معیار کا زوم شامل ہے۔ اس کے علاوہ شام کے میچوں کے لیے تیز رفتار انسٹنٹ نائٹ سائٹ موڈ بھی متعارف کرایا گیا ہے۔














