انگلینڈ کا پاکستان کو 171 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد پہلے ٹیسٹ میں محتاط آغاز

بدھ 19 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انگلینڈ نے پاکستان کو بدھ کے روز پہلے ٹیسٹ کے افتتاحی روز 171 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد اپنی پہلی اننگز کا پراعتماد انداز میں آغاز کیا اور دن کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنا لیے۔

یہ بھی پڑھیں:آخری ٹیسٹ: انگلینڈ کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 423 رنز کی عبرتناک شکست

ہیڈنگلے میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر انگلینڈ کے جورڈن کاکس 37 اور کپتان جو روٹ 23 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔ میزبان ٹیم پاکستان کے پہلی اننگز کے اسکور سے 59 رنز پیچھے ہے جبکہ اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں۔

انگلینڈ کے اوپنرز بین ڈکٹ اور ایمیلیو گے نے 36 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس نے 10ویں اوور میں ڈکٹ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔ ڈکٹ نے 15 رنز بنائے۔

اگلے ہی اوور میں محمد علی نے ایمیلیو گے کو پویلین واپس بھیج دیا۔ انہوں نے 31 گیندوں پر 33 رنز بنائے، جس میں 7 چوکے شامل تھے۔

2 ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد جو روٹ نے جورڈن کاکس کا ساتھ دیا اور دونوں نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے ناقابل شکست 64 رنز کی شراکت قائم کی۔ دونوں بلے باز دوسرے روز انگلینڈ کی اننگز کو آگے بڑھائیں گے اور میزبان ٹیم کی کوشش ہوگی کہ پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں برتری حاصل کی جائے۔

مزید پڑھیے:ملتان ٹیسٹ: انگلینڈ نے کون کون سے نئے ریکارڈ بنا ڈالے؟

پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور محمد علی نے اب تک ایک، ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

پاکستان 171 رنز پر ڈھیر

اس سے قبل پاکستان نے آخری سیشن کا آغاز 7 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز سے کیا لیکن آخری 3 وکٹوں کے لیے مزید صرف 21 رنز کا اضافہ کرسکا اور پوری ٹیم 48.1 اوورز میں 171 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

جوش ٹنگ نے آخری سیشن کے دوسرے ہی اوور میں محمد رضوان کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے پاکستان کی آخری مستند بیٹنگ جوڑی کو توڑ دیا۔ رضوان نے 12 رنز بنائے۔

اس کے بعد خرم شہزاد اور محمد عباس نے 10ویں وکٹ کے لیے 12 رنز بڑھائے تاہم اولی رابنسن نے خرم شہزاد کو 14 رنز پر آؤٹ کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں 5ویں مرتبہ 5 وکٹوں کی اننگز مکمل کی۔

اگلے اوور کی اگلی ہی گیند پر جوش ٹنگ نے محمد عباس کو 2 رنز پر بولڈ کردیا اور ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی چوتھی پانچ وکٹوں کی اننگز مکمل کی۔

امام الحق اور عبداللہ شفیق کی 91 رنز کی شراکت

اس سے قبل دوسرے سیشن کا آغاز پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 23 رنز سے کیا۔ تجربہ کار اوپنر امام الحق اور فارم میں موجود عبداللہ شفیق نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 91 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔

جوش ٹنگ نے 29ویں اوور میں امام الحق کو آؤٹ کرکے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ امام الحق نے 74 گیندوں پر 42 رنز بنائے جس میں 6 چوکے شامل تھے۔

اوپنر امام الحق نے پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز بین الاقوامی کرکٹ میں 5 ہزار رنز مکمل کرکے ایک اور اہم سنگ میل عبور کیا۔ امام الحق میدان میں اترنے سے قبل بین الاقوامی کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 4 ہزار 996 رنز بنا چکے تھے۔ ان میں 1823 رنز ٹیسٹ، 3152 رنز ایک روزہ جبکہ 21 رنز مختصر ترین فارمیٹ میں بنائے گئے تھے۔

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد عبداللہ شفیق نے سعود شکیل کے ساتھ مزید 20 رنز کی شراکت قائم کی تاہم اولی رابنسن نے مسلسل دو اوورز میں دونوں بلے بازوں کو آؤٹ کردیا۔

سعود شکیل 25 گیندوں پر 5 رنز بنا سکے، جبکہ عبداللہ شفیق پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے۔ انہوں نے 104 گیندوں پر 61 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے شامل تھے۔

اس کے بعد محمد رضوان اور قائم مقام کپتان سلمان علی آغا نے چھٹی وکٹ کے لیے 32 رنز جوڑے تاہم سیشن کے آخری اوور میں جوش ٹنگ نے سلمان علی آغا کو بولڈ کردیا۔

اگلی ہی گیند پر ٹنگ نے علی عثمان کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا جو کوئی رن نہ بنا سکے اور پاکستان کا اسکور 7 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز ہوگیا۔ لیکن آخری سیشن میں آخری 3 وکٹوں کے لیے پاکستان ٹیم مزید صرف 21 رنز کا اضافہ کرسکی اور اس کے تمام کھلاڑی 48.1 اوورز میں 171 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کو آغاز میں ہی 2 دھچکے

قبل ازیں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والے پاکستان کو میچ کی پہلی ہی گیند پر بڑا نقصان اٹھانا پڑا جب اولی رابنسن نے اوپنر اذان اویس کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔

5ویں اوور میں رابنسن نے سابق کپتان شان مسعود کو بھی 20 گیندوں پر 5 رنز بنا کر پویلین واپس بھیج دیا جس کے بعد پاکستان کا اسکور 2 وکٹوں کے نقصان پر صرف 6 رنز تھا۔

مزید پڑھیں: امام الحق نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں اہم سنگ میل عبور کر لیا

۔اس کے بعد امام الحق اور عبداللہ شفیق نے مزاحمت کرتے ہوئے مختصر شراکت قائم کی اور پاکستان کا اسکور 23 رنز تک پہنچایا تاہم پھر شدید بارش کے باعث کھیل روکنا بھی پڑا تھا

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp