نائیجیریا کی شمال مغربی ریاست سوکوٹو میں مسافروں سے بھری ایک کشتی الٹنے کے نتیجے میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں اکثریت بچوں کی بتائی جاتی ہے۔
جمعرات کو مقامی حکام اور رہائشیوں نے اس امر کی تصدیق کی جبکہ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔ یہ حادثہ سوکوٹو ریاست کے علاقے گورونیو کے مقام گوراؤ کے قریب پیش آیا۔
نیشنل اِن لینڈ واٹرویز اتھارٹی کے ایریا منیجر عبدالقادر یوسف کے مطابق امدادی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک تقریباً 40 بچوں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:موریطانیہ کے ساحل پر کشتی حادثہ، 143 پناہ گزین ہلاک یا لاپتا
سوکوٹو صوبائی اسمبلی کے رکن اور اسی علاقے سے تعلق رکھنے والے قانون ساز ناصر آدم نے بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد اب 43 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 16 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔
کشتی میں کتنے افراد سوار تھے؟
مقامی افراد کے بیانات میں تعداد کے حوالے سے اختلاف پایا جاتا ہے۔ ایک مقامی رہائشی کے مطابق کشتی میں چاول کی فصل کاٹنے کے لیے رکھے گئے زمینداروں اور مزدوروں سمیت 70 سے زیادہ افراد سوار تھے، جبکہ ایک اور رہائشی نے دعویٰ کیا کہ کشتی میں کل 57 افراد موجود تھے۔
ریاستی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی میں امدادی و بحالی کے شعبے کے ڈائریکٹر مصطفیٰ عمر نے بتایا کہ حکام موقع کی جانب روانہ ہو چکے ہیں اور مزید تفصیلات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔
نائیجیریا میں کشتی حادثات
نائیجیریا میں کشتیوں کے حادثات کوئی نئی بات نہیں۔ گنجائش سے زیادہ مسافروں کی سوار کاری، ناقص دیکھ بھال اور حفاظتی قوانین پر عمل درآمد میں کمزوری ملک کے دریاؤں اور آبی گزرگاہوں پر ہونے والے حادثات کی بنیادی وجوہات میں شمار ہوتی ہیں۔
مزید پڑھیں:کشتی حادثہ، تعزیت کے لیے جانے والے 100 سے زائد افراد ڈوب گئے، 60 ہلاکتوں کی تصدیق
رواں سال جنوری میں بھی نائیجیریا کی شمال مشرقی ریاست یوبے میں ایک کشتی کے پانی بھر جانے سے الٹنے کے باعث کم از کم 25 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔














