ایکنک اجلاس: خوازہ خیلہ بشام ایکسپریس وے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر غور

ہفتہ 22 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ہفتہ کو یہاں قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کے اجلاس کی صدارت کی۔

نائب وزیراعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کے جامع ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

مزید پڑھیں: ایکنک نے 280 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی

ایجنڈے میں خوازہ خیلہ بشام ایکسپریس وے کی تعمیر، لیسکو، حیسکو اور پیسکو میں بجلی کی تقسیم کے نظام کی استعداد کار میں بہتری کے منصوبے، تربیلا ڈیم کا پانچواں توسیعی پن بجلی منصوبہ، جنوبی پنجاب میں غربت میں کمی کا منصوبہ اور فل برائٹ اسکالرشپ سپورٹ پروگرام شامل تھے۔

اجلاس میں پانی، رابطہ اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق مختلف منصوبے بھی زیر غور آئے۔

کمیٹی نے نظرثانی شدہ پی سی ون پر بھی غور کیا اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور ان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا تاکہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ترقیاتی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔

نائب وزیراعظم نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں پر مؤثر عمل درآمد کے لیے مربوط اور بروقت اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

انہوں نے حکومت کے وسیع تر اقتصادی ترقی اور بہتر رابطے کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کا عمل برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں: ایکنک کا اجلاس، حکومت نے ایم ایل ون منصوبے کے پہلے مرحلے کی منظوری دیدی

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات، وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، کابینہ ڈویژن اور وزارت منصوبہ بندی کے سیکریٹریز، اقتصادی امور ڈویژن اور صوبائی حکومتوں کے نمائندگان سمیت وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp