پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی مدد سے قلعہ گجر سنگھ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 60 سے زائد وارداتوں میں ملوث 2 رکنی ڈکیت گینگ کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق چند روز قبل گڑھی شاہو کے علاقے میں ملزمان نے اسلحے کے زور پر ایک شہری سے موبائل فون اور نقدی چھین لی تھی۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی سیف سٹی کی ورچوئل پٹرولنگ ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نواز کے فوری نوٹس پر لاہور پولیس کی کارروائی، 2 گھنٹوں میں 2 غیرملکی خواتین بازیاب، 4 ملزمان گرفتار
ترجمان نے بتایا کہ سیف سٹی کے جدید مصنوعی ذہانت پر مبنی کیمروں اور ویڈیو شواہد کی مدد سے ملزمان کی نقل و حرکت کو ٹریس کیا گیا، جس کے بعد حاصل ہونے والے شواہد اور ضروری معلومات قلعہ گجر سنگھ پولیس کے ساتھ شیئر کی گئیں۔
سیف سٹی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ موٹرسائیکل، غیر قانونی اسلحہ اور موبائل فونز بھی برآمد کرلیے گئے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے 60 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ پولیس کی جانب سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ملزمان سے دیگر وارداتوں کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی گاڑی کے قریب فائرنگ، ملزم اسلحے سمیت گرفتار
ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جدید نگرانی کا نظام جرائم کی نشاندہی، مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کا سراغ لگانے اور ملزمان کی گرفتاری میں پولیس کی معاونت کررہا ہے۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال یا جرم کی اطلاع فوری طور پر پولیس کی ہنگامی امدادی خدمت 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی کرکے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔














