مصنوعی ذہانت یا اے آئی کے مستقبل کے حوالے سے سلیکون ویلی کی بڑی شخصیات کے نظریات دنیا کو ایک ایسے دور کی طرف لے جانے کا تصور پیش کرتے ہیں جہاں مشینیں انسانی صلاحیتوں سے بھی آگے نکل سکتی ہیں تاہم ماہرین کے مطابق ان تصورات کے ممکنہ سماجی، معاشی اور اخلاقی اثرات پر غور کرنا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک نے مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کے ذریعے عالمی نظامِ صحت میں انقلابی تبدیلی کی پیش گوئی کردی
ہر معاشرہ مستقبل کے بارے میں ایک تصور رکھتا ہے چاہے وہ خوش حالی اور ترقی کی دنیا ہو ماضی کی کسی کھوئی ہوئی حالت کی واپسی ہو یا ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک بالکل نئی دنیا کا قیام۔ مذہبی علوم میں انسانیت کے آخری انجام سے متعلق نظریات کے مطالعے کو ایسکیٹولوجی کہا جاتا ہے تاہم مستقبل کے بارے میں نظریات صرف مذہب تک محدود نہیں ہوتے۔
سیاسی نظریات بھی مستقبل کے ایک مخصوص تصور پر قائم ہوتے ہیں کیونکہ آنے والے وقت کے بارے میں سوچ ہی یہ طے کرتی ہے کہ آج کون سے فیصلے کیے جانے چاہییں۔
سلیکون ویلی کی مصنوعی ذہانت سے وابستہ کئی اہم شخصیات نے بھی مستقبل کے حوالے سے اپنے مخصوص نظریات پیش کیے ہیں۔ ان خیالات کو سمجھنے سے یہ واضح ہوتا ہے کہ بعض ٹیکنالوجی رہنما اے آئی کے نام پر بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کو قبول کرنے کے لیے کیوں تیار نظر آتے ہیں۔
سلیکون ویلی کا اے آئی سے متعلق مستقبل کا نظریہ
اس کی ایک مثال اوپن اے آئی کے سربراہ سیم آلٹمین ہیں۔ سنہ 2015 میں جب چیٹ جی پی ٹی دنیا بھر میں مقبول نہیں ہوا تھا آلٹمین نے پیشگوئی کی تھی کہ مصنوعی ذہانت ممکنہ طور پر دنیا کے خاتمے کا سبب بھی بن سکتی ہے تاہم انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اس ٹیکنالوجی سے کئی بڑی کمپنیاں وجود میں آئیں گی۔
وقت کے ساتھ ساتھ ان کا مؤقف زیادہ مثبت ہوگیا۔ اپریل 2026 میں ایک تحریر میں آلٹمین نے مصنوعی ذہانت کو ایسی ٹیکنالوجی قرار دیا جو انسانیت کی صلاحیتوں میں غیر معمولی اضافہ کرسکتی ہے۔ ان کا خیال ہے کہ دنیا کو اتنی اے آئی تیار کرنی چاہیے جو انسانوں کی تقریباً لامحدود ضروریات پوری کرنے میں مدد دے سکے۔
دوسری جانب ایلون مسک مصنوعی ذہانت اور انسانیت کے مستقبل کو ایک مختلف زاویے سے دیکھتے ہیں۔ وہ کئی مرتبہ خبردار کرچکے ہیں کہ انسانیت کو مکمل تباہی جیسے خطرات کا سامنا ہوسکتا ہے جبکہ ان کے مطابق انسانوں کا دیگر سیاروں پر آباد ہونا مستقبل میں بقا کو یقینی بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔
مزید پڑھیے: مصنوعی ذہانت طیاروں کو موسمیاتی حدت بڑھانے والی سفید لکیروں سے بچانے میں مدد دے گی
مسک نے سنہ 2013 میں بھی اس خیال کا اظہار کیا تھا کہ انسانیت کو ایک کثیر سیاروی تہذیب بننا ہوگا ورنہ کسی وقت اس کا خاتمہ ہوسکتا ہے۔ اسی تناظر میں ان کی کمپنی اسپیس ایکس کے ذریعے خلائی سفر اور مریخ پر انسانی موجودگی کے منصوبوں کو بھی دیکھا جاتا ہے۔
مصنوعی ذہانت کے حوالے سے بھی مسک کے خدشات نمایاں رہے ہیں۔ اوپن اے آئی کے ساتھ قانونی تنازع کے دوران انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اے آئی ایک ایسی صورتحال پیدا کرسکتی ہے جس میں ٹیکنالوجی انسانیت کے لیے تباہ کن ثابت ہو جسے انہوں نے فلمی اصطلاح میں ٹرمینیٹر صورتحال قرار دیا تھا۔
پیٹر تھیل کے نزدیک اصل خطرہ احتیاط ہے
ٹیکنالوجی سرمایہ کار پیٹر تھیل مصنوعی ذہانت کے مستقبل کے حوالے سے ایک مختلف اور زیادہ سخت مؤقف رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے سب سے بڑا خطرہ خود مصنوعی ذہانت نہیں بلکہ وہ لوگ ہیں جو سائنسی ترقی کو روکنے یا اس پر پابندیاں لگانے کی کوشش کرتے ہیں۔
تھیل نے 21ویں صدی کے فرضی اینٹی کرائسٹ کو ایسے شخص سے تشبیہ دی ہے جو سائنس کو روکنا چاہتا ہو۔ انہوں نے اس حوالے سے اے آئی محقق ایلیزر یوڈکوسکی اور ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ جیسے افراد کا ذکر بھی کیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں مصنوعی ذہانت کے لیے مقامی ڈیٹا انفراسٹرکچر کی جانب اہم پیشرفت
پوپ لیو چہاردہم کی جانب سے مصنوعی ذہانت کی عالمی نگرانی کے مطالبے پر تھیل کی تنقید بھی اسی سوچ کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کے مطابق ٹیکنالوجی پر ضابطے ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن سکتے ہیں جبکہ ناقدین کا کہنا ہے کہ اے آئی جیسی طاقتور ٹیکنالوجی کے لیے مناسب نگرانی اور جمہوری بحث ضروری ہے۔
مستقبل کی دوڑ اور انسانی خدشات
سلیکون ویلی کے کئی رہنما مصنوعی ذہانت کو انسانیت کے لیے غیر معمولی ترقی کا ذریعہ سمجھتے ہیں تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ ایسی ٹیکنالوجی کے تیز رفتار پھیلاؤ کے ساتھ روزگار، طاقت کے ارتکاز، رازداری، سلامتی اور انسانی اختیار جیسے مسائل بھی اہم ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: 27 فیصد نوجوان مصنوعی ذہانت کو دوست سمجھ کر ذاتی مسائل پر بات کرتے ہیں، تحقیق
ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت کا مستقبل صرف اس بات سے طے نہیں ہوگا کہ مشینیں کتنی طاقتور بن جاتی ہیں بلکہ اس بات سے بھی کہ انسان اس طاقت کو کس طرح استعمال اور منظم کرتے ہیں۔













