پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے سیکریٹری جنرل چوہدری طارق فاروق اسپیکر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں۔
صدر پاکستان مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے چوہدری طارق فاروق کو اسپیکر کے لیے نامزد کیا تھا، جن کے مد مقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری قاسم مجید تھے، تاہم چوہدری طارق فاروق نے بھاری اکثریت سے میدان مار لیا۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر کی سیاست میں مریم نام کا چرچا، ’تین مریم‘ اسمبلی تک پہنچنے میں کامیاب
پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے سیکریٹری جنرل چوہدری طارق فاروق 32 ووٹ حاصل کرکے اسپیکر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوگئے، جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری قاسم مجید نے 13 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔
دوسری جانب مہاجرین کی سیٹ سے کامیاب ہونے والے رکن اسمبلی احمد رضا قادری بھی 32 ووٹ لے کر قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے، جبکہ ان کے مد مقابل پیپلز پارٹی کے عامر عبدالغفار لون نے 14 ووٹ حاصل کیے۔
مسلم لیگ ن لیگ ن کو آزاد کشمیر اسمبلی میں اکثریت حاصل ہے، اور ان کے ارکان کی تعداد 31 ہے، جبکہ جموں و کشمیر عوامی دست و بازو کے رکن سردار ساجد اقبال بھی ن لیگ کے اتحادی ہیں، جس کے باعث یہ تعداد 32 تک پہنچ گئی ہے۔

چوہدری طارق فاروق پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر چیپٹر کے سیکریٹری جنرل ہیں اور حالیہ عام انتخابات میں انہوں نے بھمبر سے الیکشن میں حصہ لیتے ہوئے سابق وزیراعظم چوہدری انوارالحق کو بھاری اکثریت سے شکست دی ہے۔ ایل اے 7 بھمبر تین چوہدری طارق فاروق کا آبائی حلقہ ہے، جہاں سے وہ ماضی میں بھی انتخابات میں حصہ لیتے رہے ہیں۔
چوہدری طارق فاروق اس سے قبل مختلف اہم حکومتی و پارلیمانی عہدوں پر ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ وہ 2016 سے 2021 تک آزاد کشمیر کے موسٹ سینیئر وزیر کے عہدے پر فائز رہے، جبکہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی، ڈپٹی اپوزیشن لیڈر اور متعدد بار وزیر حکومت بھی رہ چکے ہیں۔
زمانہ طالبعلمی سے سیاسی سفر کا آغاز
چوہدری طارق فاروق نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز زمانہ طالبعلمی سے کیا۔ وہ کالج میں اسٹوڈنٹ یونین کے جنرل سیکریٹری رہے، جہاں سے ان کا سیاسی سفر باقاعدہ طور پر آگے بڑھا۔
انہوں نے 1987 میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیا اور محض 27 سال کی عمر میں ممبر ضلع کونسل بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس طرح انہوں نے کم عمری ہی میں عملی سیاست میں قدم رکھتے ہوئے اپنی سیاسی شناخت بنانا شروع کردی۔
چوہدری طارق فاروق ایک خوش پوشاک اور خوش گفتار انسان ہیں۔ انہیں معاملہ فہم اور پڑھے لکھے سیاستدان کے طور پر جانا جاتا ہے، جبکہ تعلیمی قابلیت کے اعتبار سے وہ وکیل ہیں۔
مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے بانیان میں شمار
چوہدری طارق فاروق کا شمار آزاد جموں و کشمیر میں پاکستان مسلم لیگ ن کے بانیوں میں ہوتا ہے۔ وہ طویل عرصے سے مسلم لیگ ن کے ساتھ وابستہ ہیں اور پارٹی کی تنظیم سازی اور سیاسی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
قبل ازیں وہ پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر چیپٹر کے سینیئر نائب صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ آج کل پارٹی میں بطور جنرل سیکریٹری اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
2021 میں دباؤ اور پیشکشوں کے باوجود پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے
چوہدری طارق فاروق کی سیاسی زندگی میں 2021 کا دور بھی اہم سمجھا جاتا ہے۔ اس وقت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مختلف آفرز اور دباؤ کے باوجود وہ پاکستان مسلم لیگ ن کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہے اور ان پیشکشوں کو ٹھکرا دیا۔
اس کے بعد 5 سالہ دور حکومت میں مشکلات اور دباؤ کے باوجود چوہدری طارق فاروق نے اپنی سیاسی وابستگی تبدیل نہیں کی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑے رہے۔

چوہدری طارق فاروق نے حالیہ عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر مسلسل چوتھی مرتبہ الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کی۔ ’طارق فاروق کو اپنے سیاسی کیریئر میں 3 انتخابات میں کامیابی ملی، جبکہ ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔‘
مسلسل چوتھی مرتبہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر انتخاب لڑنا ان کی مستقل مزاجی اور پارٹی کے ساتھ غیر متزلزل حمایت کی واضح مثال قرار دیا جاتا ہے۔
طارق فاروق مختلف ادوار میں آزاد کشمیر حکومت میں اہم ذمہ داریاں بھی ادا کرتے رہے ہیں۔ وہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی، ڈپٹی اپوزیشن لیڈر اور متعدد بار وزیر حکومت رہ چکے ہیں، جبکہ 2016 سے 2021 تک آزاد جموں و کشمیر کے موسٹ سینیئر وزیر کے منصب پر بھی فائز رہے۔
حالیہ انتخابات میں ریکارڈ کامیابی
چوہدری طارق فاروق نے حالیہ آزاد کشمیر انتخابات میں اپنے آبائی حلقے بھمبر سے حصہ لیا، جہاں انہوں نے سابق وزیراعظم چوہدری انوارالحق کو بھاری مارجن سے شکست دے کر ممبر اسمبلی منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
ریاست بھر سمیت اوورسیز میں بھی مقبولیت
چوہدری طارق فاروق کی سیاسی مقبولیت صرف ان کے آبائی علاقے یا حلقے تک محدود نہیں بلکہ ریاست بھر میں بلا تفریق علاقہ، برادری یا جماعت یکساں مقبول ہیں، جبکہ اوورسیز میں بھی انہیں احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، خصوصاً برطانیہ اور یورپ میں ان کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔
طارق فاروق کو خصوصاً نوجوانوں میں خاصی پذیرائی حاصل ہے اور ان کی سیاسی سرگرمیوں، معاملہ فہمی اور خوش گفتاری کے باعث انہیں نوجوان طبقے میں بھی پسند کیا جاتا ہے۔
مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہنے والے رہنما
چوہدری طارق فاروق کی سیاسی زندگی کا ایک نمایاں پہلو پاکستان مسلم لیگ ن اور پارٹی قیادت کے ساتھ ان کی وابستگی ہے۔ وہ پارٹی اور پارٹی قیادت کے ساتھ مخلص رہے ہیں اور مسلم لیگ ن کے مشکل ترین وقت کے ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں۔

طویل سیاسی سفر، زمانہ طالبعلمی سے سیاست کا آغاز، کم عمری میں ضلع کونسل کے رکن بننے، مختلف حکومتی و پارلیمانی عہدوں پر فائز رہنے، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی تنظیم سازی میں کردار ادا کرنے اور مشکل سیاسی حالات میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہنے کے بعد چوہدری طارق فاروق اب آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔
مزید پڑھیں: پولیس اہلکار کی جان بچانے سے شہرت پانے والی زوبیہ خورشید راجا آزاد کشمیر اسمبلی کی رکن بننے میں کامیاب
اسپیکر قانون ساز اسمبلی منتخب ہونے کے بعد چوہدری طارق فاروق کا سیاسی سفر ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔














