ماہرہ خان اور وہاج علی کے نئے ڈرامے ’مٹی دے باوے‘ کا دھماکے دار ٹریلر جاری

جمعرات 27 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی شوبز کے معروف اداکار وہاج علی اور ماہرہ خان پہلی بار ڈراما میں ایک ساتھ جلوہ گر ہونے جارہے ہیں۔ گرین انٹرٹینمنٹ نے دونوں اداکاروں کی نئی ڈرامہ سیریل ’مٹی دے باوے‘ کا سنسنی خیز اور ایکشن سے بھرپور ٹریلر جاری کردیا ہے۔

ٹریلر میں ماہرہ خان بِلو جبکہ وہاج علی بالا کے کردار میں دکھائی دے رہے ہیں۔ کہانی کا آغاز 1998 سے ہوتا ہے جہاں 19 سالہ بِلو کو بالا سے محبت ہوجاتی ہے۔ تاہم بالا ایک نامعلوم جرم کے باعث جیل چلا جاتا ہے جبکہ بِلو وقت گزرنے کے ساتھ ایک روحانی پیشوا کے روپ میں سامنے آتی ہیں۔

کہانی 2002 میں داخل ہوتی ہے جب بالا جیل سے رہائی کے بعد واپس آتا ہے۔ ٹریلر میں انہیں ایک سخت مزاج اور خطرناک شخصیت کے طور پر دکھایا گیا ہے جو اسلحہ چلانے میں بھی ماہر نظر آتا ہے۔

دوسری جانب بِلو اپنے ماضی کی محبت سے دور ہوچکی ہیں اور خود کو ایک بااثر روحانی رہنما کے طور پر پیش کرتی ہیں۔ دونوں کی دوبارہ ملاقات کے بعد کہانی محبت، دشمنی، انتقام اور روحانیت کے گرد گھومتی دکھائی دیتی ہے تاہم ڈرامے کی مکمل کہانی فی الحال سامنے نہیں آئی۔

یہ بھی پڑھیں: ’ہم نے نام بھیجے، وفاق نے مسترد کردیے‘، ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کو قومی اعزاز نہ ملنے پر سندھ کے وزیرِ ثقافت کا بڑا انکشاف

ٹریلر سے بظاہر اندازہ ہوتا ہے کہ ’مٹی دے باوے‘ کی کہانی محبت سے دشمنی اور پھر دوبارہ محبت کی جانب بڑھ سکتی ہے جس نے مداحوں کی دلچسپی مزید بڑھا دی ہے۔

ڈرامے کی ہدایات سید وجاہت حسین نے دی ہیں جبکہ اس کی کہانی معروف مصنفہ فائزہ افتخار نے تحریر کی ہے۔ ڈرامہ گرین انٹرٹینمنٹ پر نشر کیا جائے گا، تاہم اس کی ریلیز کی حتمی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ ماہرہ خان نے فلم انڈسٹری میں فنکاروں کے لیے بڑا مطالبہ کردیا

’مٹی دے باوے‘ ماہرہ خان اور وہاج علی کی پہلی مکمل ٹی وی ڈرامہ شراکت ہے جس کے ٹریلر کے بعد دونوں اداکاروں کی نئی جوڑی کو سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل ہورہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp