محسن نقوی کا انسانی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی مافیا کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم

جمعرات 27 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کو انسانی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی اور پوری چین کو قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے ایف آئی اے زونل آفس لاہور کا دورہ کرکے اپ گریڈیشن منصوبے اور ادارے کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا۔

لاہور میں ایف آئی اے زونل آفس کے دورے کے دوران محسن نقوی نے خصوصی اجلاس کی صدارت کی اور زونل آفس کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کے افسران اور عملے کو ہر ممکن سہولتیں اور وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں اور مزید بھی فراہم کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے چین کی طرز پر اسلام آباد میں لا انفورسمنٹ انویسٹی گیشن سینٹر قائم ہوگا، محسن نقوی

وزیر داخلہ نے انسانی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مافیا کی پوری چین کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ انہوں نے ایف آئی اے حکام سے کہا کہ جرائم پیشہ گینگز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن ان کی ذمہ داری ہے اور اس کے نتائج واضح طور پر نظر آنے چاہئیں۔

اجلاس میں ملک بھر کے ایئرپورٹس پر امیگریشن کاؤنٹرز کے پرانے کیمروں کو تبدیل کرکے جدید ٹیکنالوجی کے حامل کیمرے نصب کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔ شکایات کے اندراج کے لیے پاک آئی ڈی ایپ کی خدمات حاصل کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے ’حکومت نے ٹیکس وصولی کا نیا طریقہ متعارف کرایا ہے‘، محسن نقوی کی اپیل سوشل میڈیا پر مذاق کیوں بنی؟

ایف آئی اے زونل آفس لاہور کے ڈائریکٹر نے وزیر داخلہ کو اپ گریڈیشن منصوبے اور کارکردگی پر بریفنگ دی۔ بریفنگ کے مطابق گزشتہ ایک برس کے دوران 1670 ایف آئی آرز درج کی گئیں، 5 ہزار انکوائریز میں سے 4 ہزار نمٹائی گئیں جبکہ 295 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے، ڈائریکٹر ایف آئی اے زونل آفس لاہور اور تمام سرکل انچارجز نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp