محمد عباس کا شاندار سنگ میل، فرسٹ کلاس کرکٹ میں 900 وکٹیں، 21ویں صدی کے 5ویں ٹاپ بولر بھی بن گئے

جمعرات 27 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس نے انگلینڈ کے خلاف لارڈز کے تاریخی میدان پر جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے سیشن میں اپنی شاندار بولنگ سے ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: وکٹ لینے کے بعد پرجوش جشن : آئی سی سی نے خرم شہزاد اور محمد عباس کو سزا سنادی

انہوں نے اپنے 222 ویں فرسٹ کلاس میچ کے دوران 900 وکٹیں مکمل کرنے کا منفرد اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

محمد عباس نے انگلینڈ کے اوپنر بین ڈکٹ کو 17 رنز پر آؤٹ کر کے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی 900ویں وکٹ حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے ایمیلیو گے کو بھی پولین کی راہ دکھائی۔

لارڈز ٹیسٹ کے ابتدائی سیشن میں محمد عباس نے انگلش ٹاپ آرڈر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ انہوں نے انگلش کپتان جو روٹ کی اہم وکٹ سمیت ابتدائی تینوں وکٹیں حاصل کیں جس کے باعث انگلینڈ کی ٹیم صرف 57 رنز پر 3 وکٹیں گنوا بیٹھی تھی۔

222 فرسٹ کلاس میچوں میں محمد عباس نے 20.43 کی بہترین اوسط سے وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ان کے کیریئر میں 57 مرتبہ ایک اننگز میں 5 وکٹیں اور 15 مرتبہ میچ میں 10 وکٹیں حاصل کرنے کا شاندار ریکارڈ شامل ہے۔

مزید پڑھیے: قومی فاسٹ بولر محمد عباس نے اہم سنگ میل عبور کرلیا

اس سنگ میل کے ساتھ محمد عباس 21ویں صدی میں سب سے زیادہ فرسٹ کلاس وکٹیں لینے والے دنیا کے 5ویں بولر بن گئے ہیں۔

21ویں صدی کے ٹاپ 5 فرسٹ کلاس بولرز کا ریکارڈ

21ویں صدی میں سب سے زیادہ فرسٹ کلاس وکٹیں حاصل کرنے والے بولرز کی فہرست میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن 1,157 وکٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔

جنوبی افریقہ کے سائمن ہارمر 1,056 وکٹوں کے ساتھ دوسرے، سری لنکا کے ملندا پشپا کمارا 1,010 وکٹوں کے ساتھ تیسرے اور انگلینڈ کے ٹم مرٹاگ 959 وکٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

مزید پڑھیں: محمد عباس کو ڈراپ کرنے کی وجہ انجری نہیں، پورٹ آف اسپین کی کنڈیشنز تھیں، بابر اعظم

اس طرح محمد عباس نے لارڈز کے میدان میں اپنی 900ویں وکٹ مکمل کر کے اس فہرست میں 5ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp