کیرولین لیویٹ کا وائٹ ہاؤس میں آخری دن بچوں کے نام، بریفنگ روم میں جذباتی لمحات

جمعہ 28 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے اپنے عہدے پر آخری روز اپنے دونوں کم سن بچوں کو وائٹ ہاؤس کے بریفنگ روم میں بلا لیا، جہاں انہوں نے بچوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور خوشگوار لمحات گزارے۔

کیرولین لیویٹ جمعرات کو وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری کی حیثیت سے آخری روز فرائض انجام دے رہی تھیں، اس کے ساتھ ہی وائٹ ہاؤس میں ان کی تقریباً 20 ماہ پر محیط مدتِ ملازمت بھی اختتام پذیر ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: وائٹ ہاؤس کی تاریخ کی کم عمر ترین ترجمان کیرولین لیویٹ کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان، وجہ کیا بتائی؟

اپنے آخری انٹرویوز میں کیرولین لیویٹ نے عہدہ چھوڑنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماں کی ذمہ داریاں نبھانے کے ساتھ ملازمت کے سخت تقاضوں کو پورا کرنا اب ان کے لیے ممکن نہیں رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کام کرنے والی ماں کے لیے ہر دن ایک چیلنج ہوتا ہے اور اس دوران بہت سی قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔

ان کے بقول، دو انتہائی کم عمر بچوں کی پرورش کے لیے گھر پر جس قدر موجودگی اور توجہ درکار ہے، وہ اپنی مصروف ملازمت کے باعث بچوں کو نہیں دے پا رہی تھیں۔

لیویٹ نے کہا کہ ان کی دوسری بیٹی کی پیدائش نے انہیں یہ احساس دلایا کہ گھر میں 2 ایسے ننھے بچے ہیں جنہیں اپنی ماں کی مستقل توجہ اور موجودگی کی ضرورت ہے اور وہ اس کے مستحق بھی ہیں۔

مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کا بڑا ’اے آئی‘ مذاق، خود کیرولین لیویٹ کی خالی نشست پر بطور ’بہترین پریس سیکریٹری‘ پیش کردیا

ان کا کہنا تھا کہ ان کے بچے ابھی بہت چھوٹے ہیں اور یہ عمر ان کی شخصیت اور زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرتی ہے۔

’بچوں کے ساتھ گزارا جانے والا یہ قیمتی وقت دوبارہ واپس نہیں آتا، اسی لیے انہوں نے اپنے خاندان کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا۔‘

واضح رہے کہ 29 سالہ کیرولین لیویٹ امریکی تاریخ کی کم عمر ترین وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری ہیں، ان کے پہلے بیٹے کی عمر 2 سال جبکہ دوسری بیٹی کی عمر صرف 3 ماہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp