افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب، شکست کے بعد مخصوص نشست سے واپسی نے سیاسی منظر بدل دیا

جمعہ 28 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی نے 30 ووٹ لیکر وزارتِ عظمیٰ کا انتخاب جیت لیا اور انہیں آزاد کشمیر کا 17واں وزیراعظم منتخب کرلیا گیا۔ جب کہ ان کے مد مقابل پیپلز پارٹی کے سردار مختار احمد خان فقط 14 ووٹ حاصل کر سکے۔

آزاد کشمیر کے نو منتخب وزیر اعظم بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی کا وزارتِ عظمیٰ تک پہنچنے کا سفر غیر معمولی سیاسی اتار چڑھاؤ سے گزرا، کیونکہ چند ہفتے قبل وہ عام انتخابات میں اپنی نشست ہار گئے تھے، تاہم ٹیکنوکریٹ کی مخصوص نشست کے ذریعے دوبارہ اسمبلی میں پہنچے اور اب ریاست کے سب سے بڑے انتظامی منصب پر فائز ہوگئے ہیں۔

افتخار گیلانی کے مقابلے میں پاکستان پیپلز پارٹی نے سردار مختار احمد خان کو قائد ایوان کے امیدوار کے طور پر میدان میں اتارا تھا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ حالیہ عام انتخابات میں بھی دونوں امیدوار ایک دوسرے کے مدمقابل تھے، جہاں افتخار گیلانی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بعد ازاں مسلم لیگ (ن) نے انہیں ٹیکنوکریٹ کی مخصوص نشست پر اسمبلی میں واپس لایا۔ دستیاب اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور اس کے اتحادیوں کو قانون ساز اسمبلی میں واضح عددی برتری حاصل ہے۔

افتخار گیلانی کون ہیں؟

بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی کا تعلق مظفرآباد کے ایک معروف سیاسی خاندان سے ہے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم اسلام آباد میں حاصل کی اور اعلیٰ تعلیم کے لیے برطانیہ چلے گئے، جہاں سے بار ایٹ لا کی ڈگری حاصل کی۔ وطن واپسی کے بعد انہوں نے اسلام آباد میں تقریباً ایک دہائی تک وکالت کی اور آئینی و قانونی معاملات میں تجربہ حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات: کامیاب امیدواروں کو انتخابی اخراجات کے گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت

ان کا سیاسی سفر مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے شروع ہوا۔ 2011 کے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد وہ پہلی مرتبہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، جبکہ 2016 میں بھی انہوں نے کامیابی حاصل کی اور دوسری مرتبہ اسمبلی پہنچے۔ بعد ازاں راجا فاروق حیدر کی حکومت میں انہیں وزیر تعلیم بنایا گیا۔

وزارتِ تعلیم کے دوران اساتذہ کی بھرتیوں میں میرٹ اور نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے نظام کو آگے بڑھانے سمیت محکمہ تعلیم میں اصلاحات اور گڈ گورننس پر توجہ دی گئی۔

عام نشست پر شکست، مخصوص نشست سے واپسی

2026 کے عام انتخابات میں افتخار گیلانی نے ایل اے 29 مظفرآباد-3 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑا، تاہم وہ پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار مختار احمد خان سے شکست کھا گئے۔ اس کے باوجود ان کا سیاسی سفر رکا نہیں۔

مسلم لیگ (ن) نے انہیں ٹیکنوکریٹ کی مخصوص نشست کے لیے امیدوار بنایا اور وہ 24 اگست کو 26 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار کو 12 ووٹ ملے۔ یوں عام نشست پر شکست کے چند ہی ہفتوں بعد وہ دوبارہ قانون ساز اسمبلی کا حصہ بن گئے۔

نامزدگی پر پارٹی کے اندر اختلاف

افتخار گیلانی کی وزارتِ عظمیٰ کے لیے نامزدگی نے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں اختلافات کو بھی نمایاں کردیا تھا۔ پارٹی صدر شاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم راجا فاروق حیدر نے اس فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا اور اطلاعات کے مطابق دونوں نے ان کی حمایت نہ کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

اس کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت نے افتخار گیلانی کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے امیدوار برقرار رکھا۔ ان کی کامیابی کے بعد اب ان کے سامنے سب سے بڑا چیلنج اپنی جماعت کے اندر موجود اختلافات ختم کرکے تمام دھڑوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہونے والے چوہدری طارق فاروق کون ہیں؟ کیریئر پر ایک نظر

نئے وزیراعظم کو آزاد کشمیر میں ایکشن کمیٹی کے احتجاج، گڈ گورننس، مالی و انتظامی مسائل، تعلیم و صحت کے شعبوں میں بہتری، ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاقِ رائے جیسے اہم معاملات کا بھی سامنا ہوگا۔

یوں افتخار گیلانی کا سیاسی سفر ایک ایسے موڑ پر پہنچا ہے جہاں عام انتخابی شکست، ٹیکنوکریٹ نشست سے واپسی اور وزارتِ عظمیٰ تک کا سفر محض چند ہفتوں میں طے ہوا ہے۔ اب اصل امتحان یہ ہوگا کہ وہ اس غیر معمولی سیاسی واپسی کو ایک مستحکم اور مؤثر حکومت میں کس طرح تبدیل کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

روزگار، تعلیم، صحت اور ڈیجیٹل معیشت، افتخار گیلانی کا آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے روڈ میپ سامنے آگیا

گل پلازہ سانحہ: جوڈیشل کمیشن کی 78 صفحات پر مشتمل رپورٹ منظرعام پر آگئی، اہم انکشافات

صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، وزیر خزانہ

پمز آتشزدگی: وزیراعظم کی بچے کی جان بچانے والی نرس کے لیے ستارہ خدمت اور ایک کروڑ روپے انعام کی منظوری

نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کی شاہ غلام قادر سے اہم ملاقات، ناراضی ختم ہونے کا امکان

ویڈیو

ہمارا نظامِ صحت سڑ چکا، سانحہ پمز کی انکوائری رپورٹ سے تمام حقائق سامنے آجائیں گے، وزیر صحت مصطفیٰ کمال

وزیر داخلہ محسن نقوی کا کراچی پاسپورٹ آفس اور ایئرپورٹ کا دورہ، سہولیات میں اضافے کا اعلان

زینب اور فاطمہ کو بی ایل اے نے اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا، وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو کی متاثرہ خواتین کے ہمراہ پریس کانفرنس

کالم / تجزیہ

ہم کیوں لکھتے ہیں؟

کیا امریکا ہر جنگ جیت سکتا ہے؟

جب فیصلے خوف کے تابع ہوجائیں