اسلام آباد میں فائر سیفٹی کریک ڈاؤن تیز، سی ڈی اے نے مزید عمارتیں سیل کردیں

پیر 31 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سانحہ پمز میں 14 بچوں کی ہلاکت کے بعد وفاقی دارالحکومت میں فائر اور لائف سیفٹی کے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کے لیے کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے فائر سیفٹی کے مناسب انتظامات نہ ہونے پر این آئی سی ایل بلڈنگ اور ایف 6 کے بیورلی سینٹر کو سیل کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر سی ڈی اے کا بڑا ایکشن، 3 اہم عمارتیں سیل

سی ڈی اے کے مطابق این آئی سی ایل بلڈنگ میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) سمیت دیگر دفاتر بھی قائم ہیں، فائر سیفٹی کے مطلوبہ نظام کی عدم موجودگی کے باعث عمارت کو سیل کیا گیا ہے۔

اسی طرح اسلام آباد کے ایف 6 سیکٹر سے متصل بلیو ایریا میں واقع بیورلی سینٹر کو بھی ناکافی فائر سیفٹی اقدامات کے باعث سیل کردیا گیا۔

سی ڈی اے کی کارروائی کے بعد شاپنگ سینٹر میں قائم تمام کاروباری مراکز، دکانیں اور دفاتر بند ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ سانحہ پمز میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 بچوں کی ہلاکت کے بعد اسلام آباد میں فائر اور لائف سیفٹی کے حفاظتی معیارات پر عملدرآمد مزید مؤثر بنانے کے لیے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیح ہے اور فائر سیفٹی سے متعلق مقررہ حفاظتی معیارات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

سی ڈی اے نے گزشتہ روز بھی اہم کارروائیاں کرتے ہوئے شہیدِ ملت سیکریٹریٹ، اسٹیٹ لائف بلڈنگ اور بلیو ایریا میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی عمارتوں کو سیل کردیا تھا۔

سی ڈی اے کے مطابق مذکورہ عمارتوں میں فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے فائر سیفٹی سے متعلق آبزرویشنز اور ضروری ہدایات جاری کی گئی تھیں، تاہم مقررہ مدت گزرنے کے باوجود ان پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔

سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ فائر سیفٹی اقدامات کی تکمیل اور حفاظتی تقاضے پورے کیے جانے تک متعلقہ عمارتوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی، جبکہ شہریوں اور عمارتوں میں موجود افراد کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے حفاظتی معیارات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp