ایک طرف گوگل میسجز میں کسٹم چیٹ تھیمز جیسی نئی اور خوش آئند خصوصیات متعارف ہو رہی ہیں تو دوسری طرف ریڈٹ پر ایک انتہائی تشویشناک خرابی کی شکایات تیزی سے پھیل رہی ہیں کہ مختلف اور غیر متعلقہ گفتگو کے پرانے پیغامات دوبارہ سامنے آ کر نئے پیغامات کے ساتھ خودبخود جڑ جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل اور موبز کے بعد کیا پے پال بھی پاکستان کا رخ کرے گا؟
یہ مسائل ریڈٹ پر متعدد فورمز میں اجاگر کیے جا چکے ہیں۔ صورتحال اس وقت پیدا ہوتی ہے جب کوئی صارف کوئی نئی گفتگو شروع کرتا ہے مگر میسجز ایپ نئے متن، تصویر یا گروپ پیغام کے ساتھ کسی دوسری چیٹ کا پرانا پیغام بھی دکھانا شروع کر دیتی ہے۔
بعض صورتوں میں تو یہ پرانا پیغام صرف اسکرین پر نظر ہی نہیں آتا بلکہ غلط شخص کو باقاعدہ طور پر بھیج بھی دیا جاتا ہے۔
ایک صارف جس کے پاس گوگل پکسل 9 اے فون تھا نے بتایا کہ جب وہ اپنے کتے کی ویٹرنری اپائنٹمنٹ سے متعلق نیا پیغام بھیج رہا تھا تو اس کے ساتھ ایک نجی خاندانی معاملے سے متعلق پرانا پیغام بھی چلا گیا۔
مزید پڑھیے: گوگل فوٹوز کا نیا فیچر، عام تصاویر کو فلمی انداز دینے کی تیاری
اسی طرح ایک اور صارف نے دریافت کیا کہ ان کی والدہ کو بھیجے گئے نئے پیغام کے ساتھ ایک پرانا نامناسب اور جنسی نوعیت کا پیغام بھی شامل ہو گیا تھا۔
کچھ صارفین نے یہ بھی بتایا کہ تصدیقی کوڈز (ویریفیکیشن کوڈز) اور نجی پیغامات بھی غلط افراد کو ارسال ہو رہے ہیں۔ یہ مسئلہ پکسل اور سام سنگ دونوں کے فونز میں دیکھا جا رہا ہے چاہے آر سی ایس فیچر آن ہو یا آف۔
ایپ کیش کلیئر کرنے، فون ری اسٹارٹ کرنے، آر سی ایس کو بند کر کے دوبارہ آن کرنے اور میسجز ایپ کو دوبارہ انسٹال کرنے جیسے طریقوں سے بھی یہ خرابی مکمل طور پر ختم نہیں ہو سکی۔
کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ فون کا مکمل فیکٹری ری سیٹ کرنے اور پرانے میسج بیک اپس کو بحال نہ کرنے سے یہ مسئلہ رک گیا جبکہ بعض کے مطابق صرف ایپ کو دوبارہ انسٹال کرنے سے ہی مسئلہ حل ہو گیا۔
تاہم گوگل کی جانب سے اسے کوئی مصدقہ یا حتمی حل قرار نہیں دیا گیا اور اگر پیشگی بیک اپ نہ لیا گیا ہو تو فیکٹری ری سیٹ کرنا خطرناک بھی ثابت ہو سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: گوگل کی جیمینائی ایپ کی بڑی کامیابی، صارفین کی تعداد 1 ارب سے تجاوز کرگئی
گوگل نے کم از کم ایک موقعے پر اس مسئلے کا اعتراف کیا ہے اور اس خرابی کی نشاندہی کرنے والے صارف سے اسکرین شاٹس اور ایپ کے اندر فیڈ بیک فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔














