طویل عرصے سے روپوش حماد اظہر گرفتار، لاہور پولیس کے حوالے

اتوار 6 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی حماد اظہر کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر کو ملتان سے حراست میں لینے کے بعد لاہور پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حماد اظہر 9 مئی 2023 کے واقعات کے بعد سے مختلف مقدمات میں مطلوب تھے اور ایک طویل عرصے سے روپوش تھے۔ انہیں 9 مئی کے واقعات سے متعلق متعدد مقدمات میں ملوث قرار دیا گیا تھا جبکہ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت بھی انہیں اشتہاری قرار دے چکی ہے۔

جنوری 2026 میں لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے جی او آر گیٹ حملہ کیس میں حماد اظہر سمیت 7 ملزمان کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ عدالت نے متعلقہ اداروں کو اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے حماد اظہر کو نوسر باز قرار دے دیا، مگر کیوں؟

بعد ازاں مارچ 2026 میں 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس میں بھی انسداد دہشتگردی عدالت نے حماد اظہر سمیت 47 اشتہاری ملزمان کو 10،10 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ عدالت کے فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ملزمان پر 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، پولیس پر حملوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر الزامات تھے۔

حماد اظہر پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں اور 2018 کے عام انتخابات میں لاہور کے حلقہ این اے 126 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ قومی اسمبلی کے سرکاری ریکارڈ کے مطابق وہ تحریک انصاف سے وابستہ رہے اور سابق اسمبلی میں رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر کو لاہور منتقل کیے جانے کے بعد 9 مئی سے متعلق مقدمات میں قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔ ان کی گرفتاری ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب 9 مئی کے مقدمات میں مطلوب متعدد افراد کے خلاف عدالتی کارروائی جاری ہے۔

واضح رہے کہ حماد اظہر کے خلاف 9 مئی کے مختلف واقعات سے متعلق مقدمات لاہور سمیت دیگر مقامات پر درج ہیں اور عدالتوں کی جانب سے ان کی گرفتاری کے احکامات بھی جاری کیے جاچکے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp