نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) پاکستان کی جانب سے نیپال کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے 100 ٹن امدادی سامان نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو پہنچ گیا، جہاں ایئرپورٹ پر امدادی سامان حوالگی کی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں نیپال کے وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے، جبکہ نیپال میں پاکستان کے سفیر محمد عامر خان نے امدادی سامان کا پیکج معزز وزیر کے حوالے کیا۔
اس موقع پر پاکستانی سفارتخانے کے ڈیفنس اتاشی، قونصلر، سیاسی و تعلیمی مشیر اور ہیڈ آف چانسری کے علاوہ نیپال کے نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی آر آر ایم اے) اور وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
یہ انسانی امداد مشکل کی گھڑی میں نیپال کے عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور تعاون کا مظہر ہے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے نیپال میں حالیہ تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ آبادی کی فوری امداد کے لیے100 ٹن امدادی سامان روانہ کیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے زیرِ انتظام یہ امدادی کھیپ 6 ستمبر کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے چارٹرڈ کارگو پرواز کے ذریعے کھٹمنڈو روانہ کی گئی۔
امدادی سامان میں خاندانی خیمے، کمبل، میٹس، حفظانِ صحت کی کٹس اور ضروری ادویات شامل تھیں، جن کا مقصد سیلاب سے متاثرہ نیپالی آبادی کی فوری بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مدد فراہم کرنا تھا۔
نیپال میں حالیہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے، اور ایک ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔











