245 ملین ڈالر کی بٹ کوائن چوری کا اعتراف، سنگاپوری نوجوان کو 20 سال قید کا سامنا

بدھ 9 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا میں کرپٹو کرنسی کی تاریخ کی بڑی چوریوں میں شمار ہونے والے مقدمے میں سنگاپور سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ مالون لام نے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔

لام نے امریکی عدالت میں ریکٹیرنگ سازش کے الزام کو تسلیم کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر تقریباً 245 ملین ڈالر مالیت کے بٹ کوائن چوری کیے اور بعد ازاں رقم کو غیر قانونی طور پر سفید دھن میں تبدیل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کرپٹو کرائم: پرانے طریقوں سے 700 ملین ڈالر کیسے چرائے گئے؟

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق لام اس بین الاقوامی مجرمانہ نیٹ ورک کا مرکزی کردار تھا، جو آن لائن گیمنگ پلیٹ فارمز کے ذریعے ایک دوسرے سے رابطے میں آیا، گروپ میں کیلیفورنیا، کنیکٹی کٹ، نیویارک، فلوریڈا اور امریکا سے باہر کے افراد شامل تھے۔

استغاثہ کے مطابق لام، جو آن لائن مختلف ناموں بشمول ’این ہیتھ وے‘، ’$$$‘ اور ’کنگ گریوی‘ استعمال کرتا تھا، متاثرین کی نشاندہی کرتا اور ساتھیوں کے کردار طے کرتا تھا۔

گروہ دھوکے کے ذریعے لوگوں سے خفیہ معلومات حاصل کرتا، جبکہ بعض مواقع پر گھروں میں داخل ہوکر ایسی تفصیلات بھی حاصل کی جاتیں جن کی مدد سے متاثرین کے کرپٹو والٹس خالی کیے جاتے تھے۔

چوری کی رقم سے لام اور اس کے ساتھیوں نے انتہائی پرتعیش زندگی گزاری، امریکی محکمہ انصاف کے مطابق وہ ایک مرتبہ نائٹ کلب جانے پر 5 لاکھ ڈالر تک خرچ کرتے تھے۔

گروہ نے 30 سے زائد مہنگی گاڑیاں خریدیں، جن میں بعض کی قیمت 38 لاکھ ڈالر تک تھی۔

مزید پڑھیں: کراچی سے چوری شدہ گاڑیوں کی کوئٹہ میں کرپٹو کرنسی کے ذریعے خرید و فروخت کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب

اس کے علاوہ لاکھوں ڈالر مالیت کی گھڑیاں، مہنگے ملبوسات، ہرمیز برکن ہینڈ بیگز، نجی طیاروں کے سفر اور میامی، لاس اینجلس اور ہیمپٹن میں عالیشان کرائے کے مکانات بھی حاصل کیے گئے۔

حکام کے مطابق نائٹ کلب پارٹیوں میں مہنگے برکن بیگز ہجوم کی جانب بھی اچھالے جاتے تھے، جبکہ لام اپنی شاہانہ طرز زندگی کے باعث لاس اینجلس اور میامی کے نائٹ کلب حلقوں میں خاصا مشہور ہوگیا تھا۔

لام نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ اس نے 14 سال کی عمر میں سنگاپور میں اسکول چھوڑ دیا تھا۔ وہ اکتوبر 2023 میں امریکا پہنچا اور جنوری 2024 میں ویزا ختم ہونے کے باوجود ملک میں قیام جاری رکھا۔

عدالت کے مطابق مجرمانہ سرگرمیوں کا سلسلہ اکتوبر 2023 سے کم از کم مئی 2025 تک جاری رہا۔

ایف بی آئی نے ستمبر 2024 میں لام اور اس کے ایک ساتھی کو گرفتار کرکے نیٹ ورک کو توڑ دیا۔ لام کو جرم ثابت ہونے پر زیادہ سے زیادہ 20 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

مزید پڑھیں: کرپٹو کرنسی کو دیگر کرنسیز میں کیسے منتقل کیا جا سکتا ہے؟

امریکی اٹارنی جینین پیرو نے کہا کہ سائبر کرائم کا نیٹ ورک بنانے والوں کو تلاش کرکے ان کا نظام ختم کیا جائے گا اور انہیں قانون کے سامنے جواب دہ بنایا جائے گا۔

مقدمے میں لام کے ایک اور ساتھی ایون ٹینگ مین کو رواں برس اپریل میں منی لانڈرنگ کے جرم میں 70 ماہ قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp